اسپیکر کے پی اسمبلی کا امن جرگے کے مشترکہ اعلامیے پر عمل درآمد کے لیے وزیراعظم کو خط

پشاور: اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے دہشت گردی، امن و امان اور صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے حوالے سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے امن جرگہ 2025ء کے مشترکہ اعلامیے پر عمل درآمد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط ارسال کردیا۔
اسپیکر نے خط میں کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل شروع کیا۔ اسی سلسلے میں 12 نومبر 2025 کو امن جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں 30 سے زائد سیاسی جماعتوں کے قائدین، منتخب نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔مشاورت اور تفصیلی غور کے بعد امن جرگے میں خیبر پختونخوا کے عوام کے اجتماعی خدشات اور امن، سلامتی اور دیرپا امن کے قیام سے متعلق متفقہ مشترکہ اعلامیہ مرتب کیا گیا، جو وزیراعظم کے دفتر کو بھی ارسال کیا جا چکا ہے۔

اسپیکر نے خط میں بتایا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سکیورٹی نے صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں اور اداروں سے سکیورٹی صورتحال، درپیش خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگز حاصل کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمیٹی کا مقصد سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مداخلت نہیں بلکہ منتخب نمائندگان کو اپنے عوام سے متعلق اہم معاملات پر مکمل طور پر باخبر رکھنا تھا۔

اسپیکر کے مطابق خصوصی کمیٹی نے ان بریفنگز کی روشنی میں ایک جامع رپورٹ تیار کی ہے، جسے وفاقی حکومت کو نیشنل ایکشن پلان میں مؤثر انسدادِ دہشت گردی اقدامات کے لیے شامل کرنے کی غرض سے پیش کیا جائے گا، خصوصی کمیٹی متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور XI کور کے کور کمانڈر کے دفتر کے ساتھ مشاورت کے بعد رپورٹ کو حتمی شکل دے گی، جسے خیبر پختونخوا اسمبلی سے منظوری کے بعد تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوام کے منتخب نمائندوں کی قیادت میں، عوامی ملکیت اور عوامی شمولیت پر مبنی کوششوں میں وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ تحفہمنتخب کریں

اسپیکر نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے لیے وسیع تر قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور امن جرگہ کے مشترکہ اعلامیے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں