کراچی: ایس ای سی پی نے والنٹری پنشن اسکیم کے تحت ’پیسو ایکویٹی سب فنڈ‘ متعارف کرادیا ہے، جس کی فراہمی یکم جنوری 2027 سے شروع ہوگی۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس اقدام کا مقصد پنشن بچت کنندگان کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا سادہ اور کم لاگت آپشن فراہم کرنا ہے۔
ایس ای سی پی نے بتایا کہ پیسو ایکویٹی سب فنڈ مخصوص مارکیٹ انڈیکس کو ٹریک کرکے کم اخراجات میں سرمایہ کاری کا فائدہ پہنچاتا ہے۔ نیا فنڈ موجودہ ایکویٹی، ڈیٹ اور منی مارکیٹ سب فنڈز کے ساتھ لازمی طور پر دستیاب ہوگا، جس سے بچت کنندگان کو ایکٹیو اور پیسو فنڈز کے درمیان انتخاب کا موقع ملے گا۔
ایس ای سی پی کے مطابق فنڈ مینیجرز یہ فنڈ براہ راست مارکیٹ انڈیکس کو ٹریک کرکے یا پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ای ٹی ایف ایس میں سرمایہ کاری کے ذریعے چلا سکیں گے۔
ای ٹی ایف پر مبنی آپشن کے تحت سالانہ مینجمنٹ فیس زیادہ سے زیادہ 0.75 فیصد ہوگی، جبکہ اپنی کمپنی کے ای ٹی ایف ایس پر کوئی اضافی فیس نہیں ہوگی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ نئے فنڈز سے بچت کنندگان کو ریٹائرمنٹ فنڈز کے لیے بہتر انتخاب اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے سستا ذریعہ میسر آسکے گا۔
ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد طویل المدتی ریٹائرمنٹ بچتوں کے لیے آسان اور کم لاگت آپشنز فراہم کرنے کے ساتھ قومی پنشن نظام کو مستحکم بنانا ہے۔

