سی ڈی اے میں 10 پلاٹوں کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ، ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرلیا

اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں 10 رہائشی پلاٹوں کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ اور جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد نے مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے انکوائری نمبر 35/2024 مکمل کرنے کے بعد سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ لینڈ اینڈ ری ہیبلیٹیشن میں مبینہ جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے معاملے پر کارروائی کی۔ انکوائری میں سیکٹر آئی 12/4 میں 30 بائی 60 فٹ کے 10 رہائشی پلاٹوں کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ کی نشاندہی کی گئی۔

انکوائری کے مطابق پلاٹ قانونی ورثا کے نام الاٹ کرکے مبینہ طور پر ایک ہی متاثرہ خاندان کو دوہرا بحالی فائدہ دیا گیا۔ ساجد اسلم نے 11 ستمبر2017 کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے دعویٰ جمع کروایا تھا، تاہم ایف آئی اے انکوائری میں سامنے آیا کہ متاثرہ اسلم پہلے ہی ضلع ملتان میں سرکاری زمین حاصل کرچکا تھا۔

مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ کے مقدمے میں سی ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر لینڈ عرفان اللہ، ایڈمن آفیسر اصغر علی، ڈیلنگ اسسٹنٹ فقیر محمد اور اصغر، سابق ڈی جی لینڈ افنان عالم اور سابق ڈائریکٹر لینڈ سدرہ انور سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں