امیتابھ بچن کی کم عمر مداح سے ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر تنقید

بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کی سالگرہ کے موقع پر ایک کم عمر مداح سے ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے رویے پر بحث شروع ہو گئی ہے۔

ویڈیو میں اداکار مداحوں کا استقبال کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم ایک بچی کی جانب سے ہاتھ ملانے کی درخواست پر انہوں نے ایسا نہیں کیا، جس پر متعدد صارفین نے تنقید کی۔

11 اکتوبر کو اپنی سالگرہ کی روایت برقرار رکھتے ہوئے امیتابھ بچن مداحوں سے ملاقات کے لیے باہر آئے۔ اس دوران چند بچے سیکیورٹی حصار عبور کرکے ان کے قریب پہنچنے کی کوشش کرنے لگے، لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

وائرل ویڈیو میں امیتابھ بچن ہاتھ جوڑ کر لوگوں کا استقبال کرتے اور مداحوں کی جانب سے لائے گئے بڑے ہار کے ساتھ تصاویر بنواتے نظر آتے ہیں۔ وہ ہجوم کی طرف ہاتھ ہلاتے اور محبت کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے واپس اندر چلے جاتے ہیں۔ تاہم بچی سے ہاتھ نہ ملانے کے منظر کو بعض صارفین نے نامناسب قرار دیا ہے۔

اداکار کو ان کی سالگرہ پر فلمی دنیا کی متعدد معروف شخصیات نے مبارک باد بھی دی۔ ان میں ان کی بہو ایشوریا رائے بچن، اجے دیوگن، چرنجیوی، سنجے دت، انوپم کھیر، پربھاس، کمل ہاسن، کاجول اور فرح خان شامل ہیں۔

امیتابھ بچن ان دنوں ٹیلی وژن پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ ان کے آنے والے منصوبوں میں رِبھو داس گپتا کی عدالتی ڈرامہ فلم ’سیکشن 84‘ شامل ہے، جسے نومبر 2026 میں سینما گھروں میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ وہ ناگ اشون کی فلم ’کلکی 2898 اے ڈی‘ کے اگلے حصے میں اشوتھاما کا کردار دوبارہ نبھائیں گے۔ اس فلم کی ممکنہ ریلیز 2027 کے اواخر یا 2028 میں متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں