اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں ان کی آج ایوان صدر میں آصف زرداری سےملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کےمطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل شام ایوان صدر میں طلب کرلیا گیا ہے، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی معاملات اور پارلیمانی امور سے متعلق اہم امور زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وہ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق اعتماد میں لیں گے، جبکہ ارکان کو سیاسی معاملات پر پارٹی کی حکمت عملی اور پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارلیمنٹ میں نئے پیش ہونے والے بلز کے حوالے سے بھی کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ارکان کو قانون سازی سے متعلق امور پر آگاہ کیا جائے گا۔
دریں اثنا آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات بھی متوقع ہے۔

