ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ: پاکستانی اور بھارتی کھلاڑی ایک ہی ٹیم میں شامل

بھارت کے سابق اوپنر شیکھر دھون دسمبر 2026 میں ہانگ کانگ میں ہونے والے پہلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ میں پاکستان کے افتخار احمد اور سہیل تنویر کے ساتھ ایشیا واریئرز کی نمائندگی کریں گے۔

ٹورنامنٹ میں چار ٹیمیں ایشیا واریئرز، افریقا لائنز، یورپ چیمپئنز اور نارتھ امریکا ایگلز حصہ لیں گی جن میں مختلف ممالک کے 60 سے زائد سابق انٹرنیشنل کرکٹرز کی شرکت متوقع ہے۔

منتظمین کے مطابق ایونٹ میں فائنل سمیت مجموعی طور پر نو میچز کھیلے جائیں گے۔

اس مقابلے کا مقصد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے نامور کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

ایشیا واریئرز نے ٹورنامنٹ کے لیے 24 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں شیکھر دھون کے علاوہ پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر افتخار احمد اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سہیل تنویر بھی شامل ہیں۔

سہیل تنویر 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔

اسکواڈ میں بھارت کے راہول شرما جبکہ بنگلادیش کے روبیل حسین اور محمود اللہ ریاض جیسے تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا تاہم مزید تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں