جہانگیر خان عالمی اسکواش میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ پانے کیلیے پر امید

اسکواش کے عظیم کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے عالمی اسکواش میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ پانے کی امید باندھ لی۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اور مقامی سطح کے اسکواش مقابلوں کے تسلسل کے ساتھ انعقاد سے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہورہا ہے، قومی کھلاڑی عزم اور جذبے کے ساتھ بھرپور محنت کرکے عالمی سطح پر پاکستان کا نام بلند کر سکتے ہیں۔ پاکستانیسیاحت

سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ پی ایس اے اور مقامی سطح پر اسکوش مقابلوں کا تسلسل کے ساتھ انعقاد خوش ائندہ ہے، اس طرح ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو رہا ہے، سندھ خاص طور پر کراچی میں اچھے کھلاڑی ابھر کر سامنےآرہے ہیں اوران کی قومی رینکنگ میں بھی بہتری پیدا ہوئی ہے۔

جہانگیر خان نے پر امید انداز میں کہا کہ اگر ایسے مقابلوں کا تسلسل کے ساتھ انعقاد ہوتا رہے تو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو مستقبل میں بہتر کھلاڑی مل سکتے ہیں جو آگے چل کر ملک اور قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں اور عالمی اسکواش میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیابی کا امکان ہے۔

جہانگیر خان نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان 9.1 ملین روپے مالیت کے اسکواش مقابلوں کی میزبانی کرچکا ہے، اس ضمن میں سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد کی کاوشیں قابل ستائش اور لائق تحسین ہیں، مالی کشش کے سبب اسکواش کا شوق بھی پیدا ہورہا ہے جبکہ ایسے مقابلوں کے مسلسل انعقاد سے کھیل کی ترقی کے ساتھ پاکستان کا عالمی سطح پرامیج بھی بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں