حوثیوں کے حملے؛ پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر ہونے سے 114 پروازیں منسوخ

کراچی: سعودی عرب کی صورتحال کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوگیا، پروازوں کی مجموعی تعداد کم ہوکر 404 کی کم ترین سطح پر آگئی۔
ذرائع کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 114 پروازیں منسوخ یا نان آپریشنل رہیں جبکہ 77 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ریاض ائیرپورٹ کی بندش کے باعث بدھ کو پاکستان سے ریاض جانے والی 28 پروازیں منسوخ کردی گئیں،ملتان سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 765 کو متبادل ائیرپورٹ کی جانب روانہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے جدہ جانے والی دو پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ سیالکوٹ اور ملتان سے دمام جانے والی ایک، ایک پرواز بھی منسوخ کردی گئی، لاہور سے مدینہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں ایس وی 724 اور ایس وی 725 میں پانچ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔

فضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث لاہور سے اسکردو جانے والی چار پروازیں بھی ڈھائی سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں، اسی طرح کراچی سے لاہور جانے والی پانچ پروازوں میں تین سے آٹھ گھنٹےجبکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی سات پروازوں میں ایک سے پانچ گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

سعودی عرب کی صورتحال اور ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں