وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحاتی ترجیحات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ شراکت داری کو سراہا اور اصلاحات کے لیے مضبوط سیاسی عزم اور مسلسل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی اور سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو ملک میں کمزور طبقات کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ہدفی فیول سبسڈی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، مسلسل تین سال بنیادی مالیاتی سرپلس کے حصول اور مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے قرضوں میں کمی کو نمایاں کیا گیا۔
اس موقع پر پائیدار معاشی نمو، پالیسیوں میں تسلسل اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے صحت اور تعلیم کے اخراجات کے تحفظ پر گفتگو ہوئی اور زرمبادلہ کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور محصولات میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وزیرخزانہ اور آئی ایم ایف عہدیدار کی ملاقات میں انسانی سرمائے، انفرا اسٹرکچر اور عوامی خدمات میں سرمایہ کاری کے لیے وسائل فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

