کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سندھ سرکل کے صدر رانا عزیز الحسن نے کہا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان، مگر ریاست جموں و کشمیر کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ موجودہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ہمارے بزرگوں نے خود لڑ کر آزاد کروایا ہے۔ کشمیری اپنی مرضی سے پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔ تقسیم کشمیر کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔رانا عزیز الحسن نے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر میں مجوزہ 16ویں آئینی ترمیم پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان یہ صرف ایک نعرہ نہیں، یہ ریاست جموں و کشمیر کے شہریوں کے دلوں کی آواز ہے۔ اس کا مطلب بالکل واضح ہے۔ ریاست جموں و کشمیر کے شہری رضاکارانہ طور پر پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ وہ نظریاتی، مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی رشتوں کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ جڑنا چاہتے ہیں۔ یہ ان کی مرضی ہے، ان کا حق ہے، اور ان کا خواب ہے۔کشمیریوں کی پاکستان سے محبت اور وابستگی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ہم اپنی ریاست کی وحدت کو ٹکڑوں میں بانٹ دیں۔رانا عزیز الحسن نے کہا کہ آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سفارتی، قانونی اور اخلاقی پوزیشن کمزور ہوگی۔پاکستان کا ہمیشہ سے یہی اصولی موقف رہا ہے کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ ریاست ہے، اور اس کا فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی سے ہونا ہے۔ اگر ہم خود ہی ریاست کے ایک حصے کو صوبہ بنا لیں گے تو ہم اپنے ہی موقف سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔ دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان نے خود ہی ریاست کو تقسیم کر دیا ہے۔ پھر بھارت کو بھی یہ جواز مل جائے گا کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر اپنے قبضے کو مستقل قرار دے۔اس لیے آزاد کشمیر کو صوبہ بنانا مسئلہ کشمیر کا حل نہیں، بلکہ مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے کے مترادف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ 6 لاکھ شہداء کی قربانیوں کو پسِ پشت ڈال کر کشمیری ریاست کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ کر لیں گے۔یہ شہداء کسی ایک ٹکڑے یا کسی ایک صوبے کے لیے قربان نہیں ہوئے۔ وہ جموں سے لے کر گلگت بلتستان تک، وادی سے لے کر لداخ تک، ایک مکمل، متحد اور آزاد ریاست کے لیے قربان ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے خون سے ریاست کی وحدت کی لکیر کھینچی ہے۔ اس لکیر کو مٹانا ان کی قربانیوں سے غداری ہوگی۔رانا عزیز الحسن نے کہا کہ اصل راستہ یہ ہے کہ پہلے پوری ریاست جموں و کشمیر کو آزاد کروایا جائے۔ پھر کشمیری عوام اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے۔ کشمیری قوم پاکستان کے ایک نہیں بلکہ پانچ صوبوں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں لیکن حصے بخرے کر کے تقسیمِ کشمیر کرنا، کسی صورت کوئی کشمیری قبول نہیں کرے گا۔ مسلم کانفرنس کا جب تک ایک کارکن بھی زندہ ہے ریاست جموں و کشمیر کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دینگے۔

