ایران پر دوبارہ حملہ ہوا تو پہلے سے پانچ گنا بڑا ہوگا، ٹرمپ کی دھمکی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو یہ گزشتہ حملوں کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا زیادہ بڑی ہوسکتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک جنگ میں مزید شدت پیدا کرنے کے بجائے موجودہ فوجی حکمتِ عملی برقرار رکھنے کے حق میں ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی اسپین کے پروگرام ’واشنگٹن جرنل پرائم ٹائم‘ کو ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم تہران عوامی سطح پر اس خواہش کا اظہار نہیں کر رہا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام اور قیادت کو تباہ کردیا ہے۔ ان کے بقول ایران اب امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔

امریکی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ’پک ایکس ماؤنٹین‘ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اگر ایران وہاں کوئی سرگرمی کرتا ہے تو امریکا کو اس مقام پر حملہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ فی الحال امریکا کو ایسی کسی سرگرمی کے شواہد نظر نہیں آرہے۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کیونکہ ان کے خیال میں ایران انہیں استعمال کرسکتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے قطر کے وزیراعظم کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت سے بھی بات چیت کی ہے۔ ان کے مطابق یہ ممالک ایران پر مزید بڑے حملے کے بجائے موجودہ فوجی حکمتِ عملی جاری رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر دوبارہ حملہ کیا گیا تو اس کا حجم پہلے حملے سے تقریباً پانچ گنا زیادہ ہوسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ممکنہ کارروائی کب یا کن اہداف کے خلاف کی جاسکتی ہے۔

ٹرمپ کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور سفارتی ذرائع سے کسی ممکنہ معاہدے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ایران کی جانب سے ٹرمپ کے تازہ دعوؤں اور خلیجی ممالک کے مؤقف کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں