خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نے کویت میں اپنی مشترکہ فوجی کمانڈ کے لیے جدید ہیڈکوارٹر قائم کرنے اور وہاں مناسب فوجی دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے سعودی سرکاری ٹی وی الاخباریہ کو بتایا کہ کونسل کے رکن ممالک نے مشترکہ فوجی کمانڈ کے جدید مرکز کے قیام اور اس کے لیے ضروری فوجی دستوں کی تعیناتی پر اتفاق کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت کویت میں مشترکہ فوجی کمانڈ کا جدید ہیڈکوارٹر قائم کیا جائے گا، جہاں رکن ممالک کی جانب سے مناسب فوجی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔
تاہم جی سی سی سیکریٹری جنرل نے مجوزہ ہیڈکوارٹر کے ڈھانچے، اس کے عملی اختیارات، فوجی دستوں کی تعداد یا ان کی تعیناتی کے وقت سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
خلیج تعاون کونسل میں سعودی عرب، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور عمان شامل ہیں۔ خطے میں جاری کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے تناظر میں مشترکہ فوجی کمانڈ کے لیے جدید مرکز کا قیام خلیجی ممالک کے دفاعی تعاون میں اہم پیش رفت ہے۔

