یورپی ملک بلغاریہ میں شہر یامبول کے قریب ٹریشیا موٹروے پر شدید دھند کے باعث درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔
خوفناک حادثے میں کاریں، بسیں، وینز اور بھاری ٹرک ایک دوسرے سے ٹکرا کر تباہ ہوگئے، جبکہ متعدد افراد گاڑیوں میں پھنس گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور بلغاریہ کے مقامی نشریاتی ادارے نووا ٹی وی کے مطابق یہ حادثہ منگل، 10 نومبر 2026ء کی صبح صوفیہ کو بحیرہ اسود کے ساحلی شہر برگاس سے ملانے والی اے ون ٹریشیا موٹروے پر پیش آیا۔ تصادم میں 70 سے زائد گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
حکام کے مطابق موٹروے پر دو بڑے سلسلہ وار حادثات پیش آئے۔ پہلا حادثہ برگاس جانے والی لین میں صبح تقریباً 7 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جس کے کچھ ہی دیر بعد مخالف سمت میں صوفیہ جانے والی لین میں بھی متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
بلغاریہ کے مقامی حکام کے مطابق مجموعی طور پر 86 گاڑیاں، وینز اور بھاری ٹرک ان حادثات کی زد میں آئے۔ ان میں سے 63 گاڑیاں برگاس جبکہ 23 صوفیہ جانے والی سمت میں متاثر ہوئیں۔
تصادم کے نتیجے میں کئی گاڑیاں الٹ گئیں، متعدد ٹرکوں اور کاروں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بعض گاڑیوں کے ملبے میں مسافر پھنس گئے۔

