حب ( رپورٹر) حب کے مختلف عوامی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے میر علی حسن زہری کی جانب سے ضلع حب میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شبانہ روز محنت اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں حب میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا سفر شروع ہو چکا ہے۔ چار دہائیوں کے طویل عرصے کے بعد آج حب کے عوام نے اپنی آنکھوں سے اپنے بنیادی مسائل کے حل اور اجتماعی مفادات کے منصوبوں پر عملی کام ہوتے دیکھا ہے۔ ایک ایسی نوجوان نسل بھی موجود ہے جس کے لیے ترقیاتی سہولیات اور شہری خوشحالی کا تصور ماضی میں محض ایک خواب تھا، تاہم اب شہر کے مختلف علاقوں میں جاری تعمیر و ترقی کی سرگرمیاں ایک نئی تبدیلی کی نوید دے رہی ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ میر علی حسن زہری نے حلقے سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا، تاہم ان کی کامیابی اور عوامی فلاح کے لیے جاری کوششوں کو بعض حلقوں کی جانب سے عدالتی مقدمات، حکم امتناعی اور دیگر رکاوٹوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس کے باوجود انہوں نے مشکلات، منفی پروپیگنڈے اور مختلف رکاوٹوں کے سامنے ہمت نہیں ہاری اور اپنی تمام تر توجہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ضلع کی تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھی۔ عوامی حلقوں کے مطابق ان کا قابلِ تحسین پہلو یہ ہے کہ انہوں نے مشکل حالات میں بھی عوام سے اپنا رابطہ اور خدمت کا سلسلہ منقطع نہیں ہونے دیا۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ میر علی حسن زہری کی شریکِ حیات سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بھی قومی سطح پر پارلیمنٹ، سینیٹ اور دیگر متعلقہ فورمز پر حب کے عوام کے مسائل اور بلوچستان کے اجتماعی مفادات کی بھرپور نمائندگی کی ہے۔ وہ اپنے شوہر کے شانہ بشانہ عوامی خدمت، خواتین کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ان کے مطابق حب میں سڑکوں اور پختہ گلیوں کی تعمیر، سولر سسٹمز کی تنصیب، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بہتری، صحت کی سہولیات، اسپتالوں، ڈسپنسریوں اور مفت طبی لیبارٹریوں کے قیام سمیت متعدد شعبوں میں کام کیا گیا ہے۔ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع اور روزگار کے حصول میں رہنمائی، خواتین، بزرگوں اور بچوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اسی طرح سردار حکیم علی زرداری ٹرسٹ کے زیر اہتمام روزانہ کی بنیاد پر مستحق اور نادار افراد کے لیے دسترخوان کا اہتمام بھی انسانی خدمت کی ایک قابلِ ذکر مثال ہے، جہاں سیکڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مزید کہا کہ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سمیت مشکل حالات میں میر علی حسن زہری اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا بلکہ ہر ممکن تعاون اور مدد کے ذریعے عوام کا ساتھ دیا۔ ان کی جانب سے ذاتی کوششوں اور وسائل سے بھی مستحق اور ضرورت مند افراد کی مدد کا سلسلہ جاری رہا۔ ان کے نزدیک عوامی خدمت کا دائرہ کسی مخصوص طبقے، علاقے، رنگ، نسل یا مذہب تک محدود نہیں بلکہ بلاامتیاز تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی گئی ہے۔ مختلف شعبوں میں اہل اور باصلاحیت افراد کو آگے لانے اور انتظامی و سماجی معاملات میں بہتری کی کوششیں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ عوامی حلقوں کے مطابق حب ماسٹر پلان اس وقت ضلع کی ترقی کا ایک اہم سنگ میل بن چکا ہے، جس کے تحت شہری انفراسٹرکچر، سڑکوں، نکاسی آب، خوبصورتی اور بنیادی شہری سہولیات کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس منصوبے کی مکمل تکمیل سے حب کو ایک جدید اور منظم شہری ضلع کی صورت میں ترقی دینے کی راہ ہموار ہوگی۔ متعدد منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں جبکہ سینکڑوں دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے شہریوں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میر علی حسن زہری اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے ضلع حب میں مختلف شعبوں کے اندر کی جانے والی کوششیں اس امر کی مثال ہیں کہ اگر عوامی نمائندے اپنے حلقوں کو ترجیح دیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ عملی اقدامات کریں تو پسماندگی کو ترقی میں بدلا جا سکتا ہے۔ اگر بلوچستان کے دیگر منتخب نمائندے اور متعلقہ ارباب اختیار بھی اپنے اپنے حلقوں میں اسی طرح بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت، روزگار اور شہری ترقی کو ترجیح دیں تو پورے صوبے میں خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو سکتا ہے۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع حب میں شروع ہونے والا ترقی و خوشحالی کا یہ سفر آئندہ بھی اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل سے حب نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کے ایک مثالی ترقی یافتہ ضلع کے طور پر اپنی شناخت قائم کرے گا۔ انہوں نے میر علی حسن زہری اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی عوامی خدمت کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے مستقل حل کے لیے ایسے اقدامات کا تسلسل ناگزیر ہے۔

