کوئٹہ(این این آئی) ایم ایس ڈبلیو ایس بلوچستان کے سربراہ میر عبدالسلام لانگو نے کہا ہے کہ ہمیں معاشرے کے پسے ہوئے افراد کی مدد کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہوگاایم ایس ڈبلیو ایس بلوچستان کی جانب سے غریب اور مستحق طلباء میں آج گرم کپڑے اور جوتے تقسیم کئے گئے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو ہدہ کے مختلف اسکولوں کے غریب بچوں میں گرم کپڑے،کوٹ اور جوتے تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ڈبلیو ایس بلوچستان غریب اور مستحق افراد کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے اور تنظیم کی جانب سے غریبوں میں مفت کھانا،کپڑے،جوتے اورراشن تقسیم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہدہ میں واقع اسکول کے غریب اور مستحق بچوں میں لاکھوں روپے مالیت کے گرم کپڑے،کوٹ اور جوتے تقسیم کئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے تاکہ غریب اور مستحق افراد اور بچوں کو سردی سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کوچاہئے کہ وہ بلوچستان میں رہنے والے غریب اور مستحق افراد کی امداد کیلئے آگے بڑھیں تاکہ وہ بھی بہتر زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایک چھوٹی سی کوشش کسی کو نئی زندگی اور خوشیاں دے سکتی ہے ایم ڈبلیو ایس بلوچستان اپنی مدد آپ کے تحت غریب اورمستحق افراد کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

