سیوی(نامہ نگار)ایس ڈی پی او خجک سرکل میر محمد عارف مری نے کہا ہے کہ قانون سے کوئی بھی شہری بالاتر نہیں، خواہ وہ کتنا ہی بااثر یا طاقتور کیوں نہ ہو، قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں پولیس کو جو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں انہیں آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پوری دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ خجک سرکل کے تمام علاقوں میں امن وامان کا قیام اور عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے پولیس کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر، شرپسندوں اور امن وامان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی میر محمد عارف مری کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے، شہریوں کو ہراساں کرنے یا علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی پولیس عوام کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، جبکہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم کی روک تھام اور امن وامان کے قیام میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ اگر کسی بھی شہری کو کسی شخص کے خلاف کوئی شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلاخوف وخطر اپنے قریبی پولیس اسٹیشن میں فوری طور پر شکایت درج کروائے، جس پر قانون کے مطابق فوری کارروائی یقینی بنائی جائے گی ایس ڈی پی او خجک سرکل نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کا رشتہ مضبوط بنا کر ہی ایک پرامن معاشرے کا قیام ممکن ہے شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی نشاندہی کریں، پولیس ان کی شکایات پر میرٹ کے مطابق کارروائی کرے گی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی

