سیوی(نامہ نگار)سیوی اور لہڑی کی سیاسی فضا میں ایک نوجوان نام میر روحیل خان ڈومکی کی صورت میں سامنے آرہا ہے، جنہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے کم عمری میں سیاست کے میدان میں قدم رکھنے والے میر روحیل خان ڈومکی کو سیاسی و سماجی حلقوں میں ایک ابھرتے ہوئے نوجوان سیاستدان کے طور پر دیکھا اور پہچانا جارہا ہے ان کی سیاسی سرگرمیوں کو شہریوں کی جانب سے مثبت پیش رفت قرار دیا جارہا ہے جبکہ عوامی حلقوں میں یہ امید بھی ظاہر کی جارہی ہے کہ نوجوان نسل کی سیاست میں شمولیت سے علاقے میں نئی سوچ، نئے نظریات اور عوامی خدمت کے نئے راستے کھل سکتے ہیں میر روحیل خان ڈومکی کا تعلق ایک ایسے سیاسی گھرانے سے ہے جس کی بلوچستان کی سیاست میں ایک نمایاں شناخت اور طویل سیاسی پس منظر موجود ہے وہ سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کے فرزند ہیں ان کے والد میر علی مردان خان ڈومکی ماضی میں سیوی کے ناظم اعلیٰ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ ان کے چچا بھی قومی اسمبلی میں رکن کی حیثیت سے عوامی نمائندگی کرچکے ہیں اور اس وقت سینیٹ آف پاکستان کے رکن ہیں۔ اس طرح میر روحیل خان ڈومکی کو بچپن ہی سے سیاسی ماحول، عوامی مسائل، سیاسی سرگرمیوں اور علاقائی معاملات کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے سیاسی گھرانے میں پرورش پانے کے باعث میر روحیل خان ڈومکی کے لیے سیاست کوئی اجنبی میدان نہیں، تاہم کسی سیاسی خاندان سے تعلق رکھنا اپنی جگہ اور اپنی الگ سیاسی شناخت قائم کرنا ایک الگ اور مشکل مرحلہ ہے اصل سیاسی کامیابی خاندانی نام یا سیاسی وراثت سے نہیں بلکہ عوام کے اعتماد، مسلسل جدوجہد، بہتر کردار، عوامی مسائل کے حل اور عملی کارکردگی سے حاصل ہوتی ہے سیوی جیسے تاریخی اور سیاسی شعور رکھنے والے شہر میں نوجوان قیادت کی ضرورت ہمیشہ محسوس کی جاتی رہی ہے۔ یہاں کے عوام کو تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی سہولیات، شہری ترقی اور امن و امان سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں نوجوان سیاستدانوں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ محض سیاسی سرگرمیوں تک محدود رہنے کے بجائے عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو سمجھیں اور ان کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کریں میر روحیل خان ڈومکی کے لیے بھی یہ ایک اہم موقع ہے کہ وہ اپنے سیاسی سفر کو عوامی خدمت، مثبت سوچ، برداشت، سیاسی رواداری اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے اصولوں پر استوار کریں۔ خصوصاً سیوی لہڑی کے نوجوانوں کو تعلیم، کھیل، روزگار اور سماجی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں سیاسی مبصرین کے نزدیک کسی بھی علاقے کی سیاست میں نوجوان قیادت کی شمولیت خوش آئند ہوتی ہے، کیونکہ نوجوان نئی سوچ، جدید تقاضوں سے آگاہی اور مسائل کے حل کے لیے نئے انداز متعارف کراسکتے ہیں۔ تاہم عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے مستقل مزاجی، عملی جدوجہد اور عوام کے ساتھ مضبوط رابطہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں میر روحیل خان ڈومکی کی سیاسی میدان میں آمد کو سیوی لہڑی کی سیاست میں ایک نئی پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اپنے خاندانی سیاسی پس منظر کو کس طرح اپنی ذاتی سیاسی شناخت اور عوامی خدمت میں تبدیل کرتے ہیں بلاشبہ سیاست صرف نام، خاندان یا عہدے کا کھیل نہیں بلکہ یہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہونے، ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے اور اجتماعی ترقی کے لیے جدوجہد کرنے کا نام ہے۔ اگر میر روحیل خان ڈومکی نے اپنی سیاسی جدوجہد کو عوامی توقعات کے مطابق آگے بڑھایا اور نوجوانوں کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کیا تو وہ مستقبل میں سیوی کی سیاست میں ایک مؤثر اور نمایاں نوجوان قیادت کے طور پر ابھر سکتے ہیں سیوی کے سیاسی افق پر ایک نیا نوجوان نام سامنے آیا ہے، اب اس نام کو عوامی اعتماد، کردار اور عملی جدوجہد کے ذریعے اپنی پہچان بنانا ہوگی

