سیوی (نامہ نگار) صوبے بھر کی طرح سیوی میں بھی مڈل اسٹینڈرڈ کے سالانہ امتحانات جاری ہیں، جن کے لیے ضلع بھر میں مجموعی طور پر 10 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 1680 طلباء و طالبات امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ امتحانات کے شفاف، منظم اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کے افسران کی جانب سے امتحانی مراکز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکولز مس ماہ جبیں نے ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن سیوی ڈویژن بلال احمد بڑیچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل عبدالستار لانگو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل ارم نورین اور دیگر افسران کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا دورے کے دوران انہوں نے امتحانی انتظامات، طلباء و طالبات کو فراہم کردہ سہولیات، امتحانی عملے کی موجودگی اور امتحانی طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن مس ماہ جبیں نے امتحانی مراکز میں تعینات سپرنٹنڈنٹس اور دیگر عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی قسم کا غیر ضروری سامان لانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے امتحانی ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور نقل کی روک تھام کے لیے نگرانی کا نظام مزید سخت کیا جائے تاکہ تمام طلباء و طالبات کو یکساں اور منصفانہ ماحول میں امتحان دینے کا موقع مل سکے انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ امتحانی فرائض پوری ذمہ داری، دیانتداری اور غیر جانبداری کے ساتھ انجام دیے جائیں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی امتحانی مراکز میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کو درپیش مسائل کے فوری حل کو بھی یقینی بنایا جائے محکمہ تعلیم کے افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مڈل اسٹینڈرڈ کے امتحانات کو شفاف بنانے، نقل کے مکمل خاتمے اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے

