سائنس دانوں نے آنکھوں کی ایک نئی جینیاتی بیماری کی نشاندہی کی ہے جو بتدریج رات کے وقت دیکھنے کی صلاحیت اور نظر کے دائرے کے اطراف میں موجود اشیا کو دیکھنے کی صلاحیت متاثر کرسکتی ہے۔
اس بیماری کو شناخت کرنا خاصا مشکل ہوسکتا ہے کیونکہ متاثرہ افراد زندگی کے بیشتر حصے میں اچھی بینائی برقرار رکھتے ہیں اور بیماری کی واضح علامات عمر بڑھنے کے ساتھ سامنے آتی ہیں۔
بین الاقوامی محققین کی ایک ٹیم (جس میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے پرل مین اسکول آف میڈیسن کے شیئی آئی انسٹی ٹیوٹ کے سائنس دان بھی شامل تھے) نے اس بیماری کا تعلق ایک ایسے جین سے جوڑا ہے جو پہلے بھی بینائی کی ایک دوسری بیماری سے منسلک پایا گیا تھا۔
البتہ، محققین کے مطابق دونوں بیماریوں کے اثرات مختلف ہیں۔ پہلے سے معلوم بیماری بنیادی طور پر مرکزی بینائی کو نقصان پہنچاتی ہے جبکہ نئی دریافت ہونے والی بیماری میں نظر کے اطرافی حصے (پیریفیرل ویژن) اور اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
اگرچہ اس بیماری کو ابھی تک کوئی باضابطہ نام نہیں دیا گیا لیکن محققین اسے EFEMP1-associated Late-Onset Retinal Degeneration (L-ORD) قرار دے رہے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اس بیماری کا تعلق EFEMP1 جین میں پائے جانے والے ایک مخصوص جینیاتی تغیر سے ہے جسے p.Arg140Trp کہا جاتا ہے۔ اس جینیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنکھ کے خلیوں کے درمیان غیر معمولی طور پر مواد جمع ہونے لگتا ہے، جو وقت کے ساتھ بینائی کو متاثر کرسکتا ہے۔
محققین کی یہ دریافت آنکھوں کی جینیاتی بیماریوں کو سمجھنے اور مستقبل میں ان کی بروقت تشخیص کے لیے اہم پیشرفت ثابت ہوسکتی ہے۔

