ناشپاتی میٹھی، ملائم، مزے دار اور رسیلی ہوتی ہے۔غذائیت بخش ہونے کی وجہ سے اسے اپنی غذا میں ضرور شامل کیجیے۔ذیل میں اس کے کچھ فائدے بیان کیے جا رہے ہیں:
ہاضمہ درست رکھتی ہے
ناشپاتی میں ریشہ خوب ہوتا ہے، لہٰذا اگر اسے پابندی سے کھایا جائے تو ہاضمہ بہتر ہو جاتا ہے۔
اسے کھانے سے قبض دور ہو جاتا ہے۔ناشپاتی میں آنتوں کے لئے مفید اجزاء ہوتے ہیں۔یہ تیزابی مادوں کو کم کرتی ہے۔اگر اسے روزانہ کھایا جائے تو یہ آنتوں کے زخم بھی مندمل کر دیتی ہے۔
دل کے لئے مفید ہے
ناشپاتی میں ”گلوٹاتھیان“ (Glutathione) نامی مانع تکسید جزو (Antioxidant) ہوتا ہے، جس سے فالج اور دل کی بیماریاں کم ہو جاتی ہیں۔
یہ شریانوں کو نقصانات سے بچاتی ہے۔اس میں ”پیکٹن“ (Pectin) نامی مادہ بھی پایا جاتا ہے، جو بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھتا ہے، جس سے حملہِ قلب کا خطرہ نہیں رہتا۔
قوتِ مدافعت میں اضافہ
ناشپاتی میں حیاتین ج (وٹامن سی) کی مقدار خوب ہوتی ہے۔اسے کھانے سے قوتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔یہ بیکٹیریا اور پھپوند کے خلاف مدافعتی نظام کو تقویت دیتی ہے۔
ہڈیوں کی کمزوری دُور کرتی ہے
ناشپاتی ہڈیوں اور جوڑوں کو مضبوط رکھتی ہے۔اس میں ایک معدن ”بورون“ (Boron) ہوتا ہے، جو جوڑوں کا پتھرانا اور ان کی خستگی کو ختم کرتا ہے۔ناشپاتی کیلشیم اور جست (زنک) کو جسم میں جذب کرنے میں مدد دیتی ہے۔کیلشیم اور جست سے نہ صرف ہڈیاں مضبوط رہتی ہیں، بلکہ اعصاب بھی توانا رہتے ہیں۔
معدے کے لئے اچھی ہے
تُرش ناشپاتی کمزور معدے والوں کے لئے بہت فائدہ مند ہوتی ہے۔یہ معدے اور جگر کو قوت دیتی ہے اور بھوک نہ لگنے کی شکایت کو دُور کر دیتی ہے۔کھٹی ناشپاتی کھانے سے خون اور صفرے کی حدت ختم ہو جاتی ہے۔یہ پیاس بجھاتی اور قے اور دستوں کو روکتی ہے۔اس کے علاوہ ناشپاتی مثانے کی سوزش بھی ختم کر دیتی ہے۔

