لسبیلہ( بیورو چیف :حفیظ دانش): وفاقی وزیر تجارت نواب آف لسبیلہ جام کمال خان عالیانی کی سرپرستی مشیر ثقافت و سیاحت نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی کے تعاون ضلعی انتظامیہ کی نگرانی ضلعی اسپورٹس آفیسر خدابخش بلوچ اور چیرمین یوسی لاکھڑا وڈیرہ مولابخش گنگو کی آرگنائزنگ کے تحت ضلع لسبیلہ کی تحصیل لاکھڑا میں تین روزہ لسبیلہ ثقافتی میلہ شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ میلے میں لسبیلہ، سندھ اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے ملاکھڑا کے پہلوانوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، جبکہ ملاکھڑا، اونٹ دوڑ، گھوڑا دوڑ، بیل دوڑ اور رسہ کشی سمیت مختلف روایتی کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے گئے، جن سے شائقین اور عوام نے بھرپور لطف اٹھایا۔لسبیلہ ثقافتی میلے کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ، ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سراج احمد تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی مشیر ثقافت و سیاحت نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی جانب سے لسبیلہ ثقافتی میلے کا انعقاد ایک قابلِ تحسین اور خوش آئند اقدام ہے۔ اس طرح کی ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں عوام کے لیے انتہائی ضروری ہیں، کیونکہ ثقافت اور روایات کو زندہ رکھنے کا کام زندہ قومیں ہی کرتی ہیں۔ ایسے پروگرام نہ صرف لسبیلہ کی قدیم ثقافت اور روایات کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی تہذیب و ثقافت سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ضلعی اسپورٹس آفیسر خدابخش بلوچ نے کہا کہ تحصیل لاکھڑا میں بیل دوڑ، گھوڑا دوڑ، اونٹ دوڑ اور ملاکھڑا جیسے روایتی ثقافتی کھیلوں کو خصوصی اہمیت اور پسندیدگی حاصل ہے۔ اس طرح کے اقدامات معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کو مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ثقافت و سیاحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایسے پروگراموں کا انعقاد لسبیلہ کی ثقافتی شناخت کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے تین روزہ ثقافتی میلے میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں، کھلاڑیوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور شرکت نے میلے کی رونقوں کو دوبالا کردیا۔میلے کے اختتام پر گھوڑا دوڑ، اونٹ دوڑ، بیل دوڑ، رسہ کشی اور ملاکھڑا کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ، ایس ایس پی نجیب اللہ پندرانی، ضلعی اسپورٹس آفیسر خدابخش بلوچ، چیئرمین لاکھڑا مولابخش گنگو، واجہ عارف گنگو اور دیگر معززین نے انعامات، ٹرافیاں اور اعزازی شیلڈز تقسیم کیں، جبکہ مہمانوں اور صحافیوں کو روایتی اجرکیں اور شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔اس موقع پر بزرگ ہستی و سابق وائس چیرمین مونسپل کمیٹی اوتھل سید عبدالحفیظ شاہ کاظمی، ڈی ڈی او میل محمد اطہر قریشی، تحصیلدار لاکھڑا عبدالرحمن لاسی، سردار عبدالرفیق مانگیہ، وڈیرہ غلام نبی گنگو، ماسٹر صادق انگاریہ، وڈیرہ غلام رسول غلامی، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ بھاگ چند انگاریہ، ثناء اللہ فراز گنگو، سردار غلام رسول موسیانی، جمعہ خان برادیہ، عطاء اللہ نمانی، ناخدا محمد خان بلوچ، ماسٹر ایوب شریف، امین انگاریہ، عطاء اللہ انگاریہ سمیت مختلف قبائلی، سماجی و سیاسی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔تین روزہ لسبیلہ ثقافتی میلے نے تحصیل لاکھڑا میں خوشی، جوش و خروش اور روایتی کھیلوں کی رونقیں بحال کردیں۔ میلے کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ لسبیلہ کی قدیم ثقافت، روایات اور مقامی کھیلوں کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی ایسے شاندار پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

