صوبائی حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں اور قابل ذکر اقدامات کیے ہیں، کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی

کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی و قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی کی زیرِ صدارت بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو (PPHI) بلوچستان کے تحت شروع کیے جانے والے جدید ڈیجیٹل نظامِ صحت (صحت دہلیز)کے حوالے سے اراکین صوبائی اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، اراکین صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، ظفر علی آغا، عبدالمجید بادینی، لیاقت علی لہڑی، کلثوم نیاز بلوچ، زرک خان مندوخیل، ڈاکٹر اشوک کمار ،محمد خان لہڑی اور سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی ایچ آئی بلوچستان ڈاکٹر ایم بی راجہ دہریجو نے شرکاء کو منصوبے کے اغراض و مقاصد، طریقہ کار اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’صحت دہلیز‘‘ ایک جدید اور عوام دوست ڈیجیٹل نظامِ صحت ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو 24 گھنٹے مفت ٹیلی میڈیسن کی سہولت فراہم کرتے ہوئے مستند ڈاکٹروں اور مختلف امراض کے ماہرین تک گھر بیٹھے رسائی ممکن بنائی جائے گی۔ اس منصوبے کے چار بنیادی اجزاء میں ڈاکٹر کی دہلیز تک رسائی، طبی مشاورت اور ڈیجیٹل نسخے کا اجرا، ضرورت کے مطابق مریضوں کی اسپتالوں میں ریفرل اور ادویات کی فراہمی شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہے، جس کا مقصد خصوصاً دور دراز اور دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہPPHI میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے پرو میٹرکس (ProMetrics) کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے انسانی مداخلت کے بغیر شفاف انداز میں بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں، وہاں سیٹلائٹ نظام کے ذریعے مریضوں کو ڈاکٹروں سے رابطے اور طبی مشاورت کی سہولت فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ یہ منصوبہ بالخصوص دیہی اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جہاں صحت کی سہولیات تک رسائی ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبہ ابتدائی طور پر پائلٹ بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے، جسے تجربات اور نتائج کی روشنی میں مزید مؤثر اور مستحکم بنایا جائے گا۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی و قائم مقام گورنر بلوچستان نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے مریضوں کو اسپتالوں میں ریفر کرنے کے طریقہ کار پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ڈیجیٹل نظامِ صحت کی کامیابی محض طبی مشاورت یا نسخے کے اجرا تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ مریض کو ضرورت کے مطابق بروقت اور مؤثر علاج، مناسب ریفرل اور ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر مریض کو محض پیناڈول کی گولی تجویز کرکے اس کی ذمہ داری پوری سمجھ لی جائے تو اس سے نظام کی افادیت کا حقیقی مقصد حاصل نہیں ہوگا۔
لہٰذا ریفرل کے نظام کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے تاکہ مریض کو مکمل طبی سہولت میسر آسکے۔اسپیکر نے واضح کیا کہ اگر ریفرل کا نظام مضبوط اور قابل اعتماد بنا دیا جائے تو یہ منصوبہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے ہیلتھ کیئر کارڈ کے نظام کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی اور اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل طبی سہولیات کو موجودہ صحت کے نظام سے مربوط کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی و قائم مقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں اور قابل ذکر اقدامات کیے ہیں، تاہم حکومتی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو حاصل ہونے والی سہولیات اور ان کے مسائل کا عملی حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہونی چاہیے اور ہر منصوبے کے ثمرات عام شہری تک پہنچنے چاہئیں۔
جدید ٹیکنالوجی کا حقیقی مقصد بھی یہی ہے کہ سرکاری خدمات کو آسان، شفاف اور عوام کی دہلیز تک پہنچایا جائے۔انہوں نے پی پی ایچ آئی بلوچستان کی انتظامیہ اور متعلقہ عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے، تاہم منصوبے کی کامیابی کے لیے اس پر مسلسل نظر ثانی، موثر نگرانی اور عملی بہتری ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں