کوئٹہ: محکمہ تعلقاتِ عامہ بلوچستان کوئٹہ کے زیر اہتمام سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان کے اعزاز میں ان کے تبادلے کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ عسکر خان ڈایریکٹر تعلقاتِ عامہ سعید احمد شاہوانی اور محکمہ کے افسران و عملے نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سیکرٹری اطلاعات عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ عسکر خان کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، جس میں محکمہ کی مجموعی کارکردگی، باہمی تعاون، سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی اور شعبہ اطلاعات و ابلاغ عامہ کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ عسکر خان نے سیکرٹری اطلاعات عمران خان کی محکمانہ خدمات، پیشہ ورانہ رہنمائی، انتظامی معاونت اور محکمہ کے امور میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور رہنمائی میں محکمہ نے مختلف اہم امور میں پیش رفت کی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کے دوران باہمی اعتماد، ٹیم ورک اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کسی بھی محکمے کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے بھی محکمہ تعلقاتِ عامہ کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ خدمات، محنت اور تعاون کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی مؤثر کارکردگی کے لیے باہمی رابطہ کاری، ذمہ داری اور ٹیم ورک بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری اطلاعات عمران خان کو ڈایریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز عسکر خان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری تحفہ اور شیلڈ پیش کیا اور ان کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی، ترقی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

