کھیل کی روح اور پولیس کی محنت: شہدائے پولیس گراؤنڈ میں انٹر رینج شوٹنگ بال و بیس بال ٹورنامنٹ کا رنگارنگ اختتام….
تحریر: محمدمظہررشید چودھری (03336963372)
کھیل انسان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کا اہم ذریعہ ہیں، اور جب یہ کھیل محکمانہ سطح پر منعقد ہوں تو ان کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔ پنجاب پولیس اور پٹرولنگ پولیس اوکاڑہ کے زیر اہتمام شہدائے پولیس گراؤنڈ اوکاڑہ میں انٹر رینج شوٹنگ بال اور بیس بال کے فائنل مقابلہ جات کا انعقاد ہوا، جس کی اختتامی تقریب کا انعقاد انتہائی رنگارنگ انداز میں کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل آفیسر پٹرولنگ پولیس ساہیوال ایس پی غازی عمر فاروق تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں مہمانانِ خصوصی میں ڈسٹرکٹ آفیسر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اوکاڑہ مہر محمد یوسف، ڈسٹرکٹ آفیسر پٹرولنگ پولیس ڈی ایس پی اظہر گل، ڈی ایس پی مشتاق اور ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن سعادت اللہ بلوچ شامل تھے۔ تقریب میں پولیس افسران، میڈیا نمائندوں، سول سوسائٹی اور انتظامیہ کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔شوٹنگ بال کے فائنل مقابلے میں پی ایچ پی ٹیم کے کپتان محمداشفاق احمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ مہمان خصوصی ایس پی غازی عمر فاروق نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی گئی، جبکہ شرکا نے پنجاب پولیس کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر مہمان خصوصی ایس پی غازی عمر فاروق نے راقم الحروف (محمدمظہررشید چودھری) سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ایک ’سپورٹس لونگ نیشن‘ ہے اور کرکٹ کے علاوہ بھی والی بال، شوٹنگ بال اور بیس بال جیسے کھیلوں میں پاکستانی قوم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی پروجیکشن کی بدولت عوام میں ان کھیلوں کے حوالے سے شعور اور آگاہی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس کی شبانہ روز مصروفیات کے باوجود کھلاڑیوں کا وقت نکال کر پریکٹس کرنا اور مقابلوں میں حصہ لینا قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے تمام ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے، لیکن یہ ایک مثبت مقابلہ رہا ہے۔ انہوں نے محکمانہ طور پر تمام کھلاڑیوں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازنے کا اعلان کیا۔محمد اشفاق احمدکے حوالے سے ایس پی غازی عمر فاروق نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے محمد اشفاق احمدایک بہت ہی ذہین کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے ہیں اور انہوں نے پورے پاکستان بھر میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی محنت کرتا ہے وہ اپنا ایک مقام بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے، اور اشفاق نے خالصتاً اپنی محنت کے بل بوتے پر یہ شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے اشفاق احمد کے لیے ایک ہفتے کی چھٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب کو بھی اس حوالے سے لکھا جائے گا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اوکاڑہ مہر محمد یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چار سال سے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وہ ضلع میں تعینات ہیں اور چار سال سے یہ ٹورنامنٹ منعقد کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل مقابلے زیادہ تر ساہیوال یا اوکاڑہ کی میزبانی میں ہوتے ہیں اور زیادہ تر میزبانی اوکاڑہ کے پاس ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پولیس کی والی بال اور شوٹنگ بال کی ٹیم میں زیادہ تر کھلاڑی اوکاڑہ اور ساہیوال کے ہیں، اور پچھلے سال کراچی میں ہونے والے نیشنل گیمز میں پاکستان پولیس کی ٹیم میں 80 فیصد کھلاڑی اسی خطے کے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رانا قمر، اشفاق احمد، لیاقت علی اور عزیز جیسے کھلاڑیوں کی وجہ سے یہ خطہ کھیلوں میں ہمیشہ ٹاپ پر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک صحت مند سرگرمی ہے اور اس طرح ہماری پہچان ہے، اور انہوں نے پی ایچ پی پنجاب کو مبارکباد دی کہ وہ دیگر سالوں کی طرح اس بار بھی ونر رہی ہے۔یقیناً، پولیس کی انتہائی مصروف شیڈول میں اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد قابلِ تعریف ہے۔ یہ نہ صرف پولیس اہلکاروں کے لیے جسمانی اور ذہنی صحت کا ذریعہ ہے بلکہ عوام اور پولیس کے درمیان خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے کا سبب بھی بنتا ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں، اور امید ہے کہ آئندہ بھی اس طرح کے مقابلے منعقد ہوتے رہیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے.

