کوئٹہ: بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں درسی کتب کی طلب میں گزشتہ تین سال کے دوران غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی، طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا واضح عکاس ہے۔
ترجمان کے مطابق بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کو سرکاری اسکولوں کے لیے تعلیمی سال 2025 کے دوران 96 لاکھ درسی کتب کی طلب موصول ہوئی تھی، جبکہ تعلیمی سال 2026 کے لیے یہ تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 28 لاکھ تک پہنچ گئی۔ اسی طرح آئندہ تعلیمی سال 2027 کے لیے درسی کتب کی طلب میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور بورڈ کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 70 لاکھ درسی کتب کی طلب موصول ہوئی ہے۔
گزشتہ تین سال کے اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ کی تعداد اور درسی کتب کی ضرورت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعلیم دوست وڑن اور صوبائی حکومت کی تعلیمی ترجیحات کے تحت صوبے بھر میں غیر فعال سرکاری اسکولوں کو دوبارہ فعال بنانے اور وہاں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
ان اقدامات کے نتیجے میں سینکڑوں ایسے سرکاری اسکول نہ صرف فعال اور دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں کا حصہ بن چکے ہیں ۔ یہ اقدام صوبے میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی، شرح خواندگی میں اضافے اور بچوں کو ان کی دہلیز پر تعلیم کی سہولت مہیا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سال 2026 کے دوران حکومت بلوچستان، محکمہ تعلیم کی جانب سے شروع کی جانے والی اسکول داخلہ مہم کو بھی بھرپور انداز میں آگے بڑھایا گیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ دلایا گیا۔
نئے داخل ہونے والے طلبہ بھی سرکاری تعلیمی نظام کے ذریعے فراہم کی جانے والی درسی کتب اور دیگر تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اسکولوں کی بحالی اور داخلہ مہم کے مثبت نتائج کے باعث درسی کتب کی طلب میں اضافہ فطری امر ہے، جو سرکاری تعلیمی نظام پر عوامی اعتماد کی بحالی اور اس میں بہتری کی جانب ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ترجمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ان تعلیمی اصلاحات کا بنیادی مقصد سرکاری اسکولوں کو فعال، معیاری اور قابل اعتماد تعلیمی اداروں میں تبدیل کرنا، زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانا اور صوبے کی آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں سنجیدہ ترجیحات اور مسلسل کوششیں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ترجمان بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ نے مزید کہا کہ درسی کتب کی طلب میں مسلسل اضافے کے پیش نظر آئندہ تعلیمی سیشن کے لیے کتابوں کی بروقت تیاری، طباعت، فراہمی اور صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں تک ان کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ کو درسی کتب کی عدم دستیابی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تدریسی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
انہوں نے اس سلسلے میں چیئرمین بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ ڈاکٹر گلاب خان خلجی کی قیادت اور نگرانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے افسران اور ملازمین کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسلسل کاوشوں کے باعث درسی کتب کی طلب کے مطابق تیاری اور بروقت فراہمی کے عمل کو مؤثر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ بورڈ کی انتظامیہ آئندہ تعلیمی سیشن کے لیے بھی تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے درسی کتب کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ حکومت بلوچستان اور محکمہ تعلیم کے تعلیمی اہداف کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، تاکہ صوبے کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم ہر بچے کو معیاری درسی کتب کی بروقت دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کا عمل مزید مستحکم ہو۔

