فارم 47 کے ایم پی اے نے سیوی شہر کو ترقی یافتہ بنانے کے بجائے مسائلستان بنا دیا ہے :میر اصغر خان مری

سیوی(نامہ نگار)سبی اتحاد کے سربراہ میر اصغر خان مری نے کہا ہے کہ فارم 47 کے ایم پی اے نے سیوی شہر کو ترقی یافتہ بنانے کے بجائے مسائلستان بنا دیا ہے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، چوری، ڈکیتی، بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے سرکاری آفیسران سیاسی شخصیات کی جی حضوری کے بجائے اپنی سرکاری ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں، بصورت دیگر عوامی حقوق کے لیے بھرپور احتجاجی دھرنا دیا جائے گا تفصیلات کے مطابق سبی اتحاد کے سربراہ میر اصغر خان مری کی سربراہی میں مری ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سبی اتحاد کے سینئر رہنماؤں، علاقائی معتبرین، معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، چوری، ڈکیتی، عوامی مسائل، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور سرکاری محکموں کی کارکردگی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر اصغر خان مری نے کہا کہ سیوی کے عوام نے شہر کی ترقی، خوشحالی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں، مگر افسوس کہ آج شہر کو مسائل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ترقیاتی اسکیمات کے نام پر مبینہ کرپشن، من پسند منصوبوں کی منظوری اور سرکاری آفیسران پر سیاسی دباؤ کے حوالے سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض آفیسران اپنی محکمانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے سیاسی شخصیات کی خوشنودی حاصل کرنے میں مصروف ہیں انہوں نے تلی سیوی روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ موجودہ ایم پی اے اس اہم شاہراہ کی تعمیر میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی سال گزرنے اور فنڈز کی منظوری کے باوجود تلی سیوی روڈ کی تعمیر کا کام تاحال شروع نہیں ہو سکا، جس کے باعث اس اہم شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام فوری طور پر اس منصوبے پر کام شروع کروائیں اور عوام کو مزید انتظار کی اذیت سے نجات دلائیں میر اصغر خان مری نے گیس اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری پہلے ہی مہنگائی اور دیگر مسائل سے پریشان ہیں، ایسے میں گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ متعلقہ حکام فوری طور پر گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی لائیں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں انہوں نے شہر میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی اور بدامنی کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شہر بھر میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے، غیر فعال پولیس چوکیاں دوبارہ بحال کی جائیں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی روزمرہ زندگی گزار سکیں انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری آفیسران کو تنبیہ کرتے ہیں کہ سیاسی جی حضوری اور مبینہ کرپشن کے بجائے عوامی خدمت کو اپنا اولین فرض بنائیں۔ سرکاری عہدے عوام کی خدمت کے لیے ہوتے ہیں، کسی سیاسی شخصیت کی ذاتی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے نہیں۔ اگر شہریوں کے مسائل حل نہ کیے گئے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو سبی اتحاد عوام کو ساتھ لے کر احتجاجی تحریک شروع کرے گا اور ذمہ دار اداروں کے خلاف بھرپور دھرنا دیا جائے گا میر اصغر خان مری نے مزید کہا کہ بی ایس ڈی آئی (BSDI) اسکیمات میں بھی مبینہ طور پر من پسند اور منظورِ نظر منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ عوامی مشاورت کے لیے منعقد کی جانے والی کھلی کچہریاں بھی بے سود ثابت ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ترقیاتی منصوبے عوامی ضروریات کے مطابق منظور کیے جائیں تو شہر کے دیرینہ مسائل حل ہو سکتے ہیں، لیکن پسند و ناپسند کی بنیاد پر اسکیمات کی منظوری سے عوامی مفادات متاثر ہو رہے ہیں انہوں نے اپنے سیاسی مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے الیکشن جیتا تھا، لیکن ان کے بقول طاقتور آفیسران نے عوامی مینڈیٹ چوری کرکے فارم 47 کے ذریعے ایم پی اے کو عوام پر مسلط کیا انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی نمائندگی، ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اجلاس کے اختتام پر سبی اتحاد کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں امن و امان کی بحالی، چوری و ڈکیتی کی روک تھام، تلی سیوی روڈ کی تعمیر، گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی، پولیس گشت میں اضافے، بند پولیس چوکیوں کی بحالی اور ترقیاتی اسکیمات میں شفافیت کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام، محکمہ توانائی اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا، بصورت دیگر احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا جائے گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں