کراچی (اسٹاف رپورٹر): آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سندھ سرکل کے صدر رانا عزیز الحسن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اس وقت امن و امان کے سنگین بحران سے دوچار ہے، لیکن افسوس کہ 18 نومبر کو مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے دورہ کیا اور اس موقع کیے جانے والے خطابات میں بنیادی مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خطابات میں ترقیاتی منصوبوں، افتتاحی تقریبات اور آئندہ 100روز کے انتظامی و تعمیراتی شیڈول کا ذکر تو کیا گیا، لیکن آزاد کشمیر میں جاری کشیدہ صورت حال، عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات اور امن کے قیام کے حوالے سے کوئی واضح حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ پونچھ ڈویژن، جس کی آبادی تقریباً 15 لاکھ ہے، گزشتہ پانچ ماہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ان کے بقول حالیہ عرصے میں 125 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ راولاکوٹ میں فوجی افسر کی شہادت، ایک گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں دو بچیوں کا زخمی ہونا، جن میں سے ایک جاں بحق ہوگئی، باغ میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کی ہلاکت اور میرپور میں چھ ماہ کی بچی کی ماں کی شہادت جیسے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں۔ ان واقعات نے پوری کشمیری قوم کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔رانا عزیز الحسن نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ میاں نواز شریف سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت مظفرآباد کا دورہ کرکے آزاد کشمیر کے اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے کوئی عملی پیش رفت کرے گی، مگر امن و امان اور عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی واضح اعلان سامنے نہ آنا مایوس کن ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی انتہائی تشویش ناک ہے۔ فوجی جوان بھی اسی غریب عوام کے بیٹے ہیں اور عام شہری بھی اسی وطن کے باسی ہیں۔ دونوں کا ایک دوسرے کے سامنے آنا اور قیمتی جانوں کا ضیاع کسی کے مفاد میں نہیں۔ فوج کی بنیادی ذمہ داری ملکی سرحدوں کا تحفظ ہے، اسے عوامی احتجاج اور دھرنوں کے مقابل کھڑا کرنے کے بجائے سیاسی و انتظامی سطح پر مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان
میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ راولاکوٹ میں جاری دھرنے کا محاصرہ ختم کرایا جائے، فوج کو سرحدوں کے تحفظ پرتوجہ دینی چاہئے
اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ فوری طور پر بامقصد مذاکرات شروع کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس پولیس، انتظامی مشینری اور ملک کی بااثر سیاسی و سماجی شخصیات موجود ہیں، اس لیے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا پرامن حل نکالنا کوئی ناممکن کام نہیں۔رانا عزیز الحسن نے واضح کیا کہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس روز اول سے پاکستان کی حامی جماعت رہی ہے اور آئندہ بھی پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظریے پر قائم رہے گی۔ کشمیری پاکستان کے قیام سے قبل بھی خود کو پاکستانی سمجھتے تھے اور آج بھی پاکستان کو ایک مضبوط اور مستحکم ریاست دیکھنا چاہتے ہیں۔ کشمیری عوام پاکستان کی معاشی و قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کے اندر انتشار اور فوج و عوام کے درمیان تصادم کی کیفیت پیدا ہونا قومی مفاد کے خلاف ہے۔ حکومت اور مقتدر حلقوں کو چاہیے کہ وہ طاقت کے بجائے مذاکرات، مفاہمت اور سیاسی بصیرت سے کام لیں۔ آزاد کشمیر میں امن قائم ہوگا تو عام شہری ذہنی سکون کے ساتھ کاروبار، ملازمت اور ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔انہوں نے اپیل کی کہ کشمیری عوام پر طاقت کا استعمال بند کیا جائے، حالیہ واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے عوام کا اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ دنوں میں جو صورت حال پیدا ہوئی ہے وہ انتہائی غیر معمولی اور تشویش ناک ہے۔

