کوئٹہ : ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری کا ایس ڈی او روڈز انجینئر نوید موسیانی کے ہمراہ BSDI پروگرام کے تحت مغلزئی تا کوئنگ بلیک ٹاپ سڑک کے تعمیراتی کام کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر ایس ڈی او روڈز انجینئر نوید موسیانی نے ڈپٹی کمشنر کو سڑک کے جاری تعمیراتی کام، پیش رفت اور دیگر تکنیکی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے سڑک کے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ BSDI پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور علاقے کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ مغلزئی تا کوئنگ سڑک کی تعمیر سے علاقے کے عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات میں کمی آئے گی اور مقامی آبادی کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور کام کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائیگی۔

