کوئٹہ(این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی سلمیٰ کاکڑ نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے والدین اپنے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچاؤ کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر افتتاحی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سلمیٰ کاکڑ نے کہا کہ دنیا بھر سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے پاکستان سمیت چند ممالک میں پولیو کا وائرس موجود ہے حکومت،محکمہ صحت اور غیر ملکی ادارے ملکر بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچاؤ کیلئے کام کررہے ہیں جس کیلئے بلوچستان سمیت پاکستان بھر میں وقتاً فوقتاً بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم چلائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو بچوں پر حملہ آور ہوتا ہے جس سے بچے زندگی بھر کیلئے معذور ہوجاتے ہیں والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں اور پولیو ورکرز کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ پاکستان اور خاص کر بلوچستان سے بھی پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم آنے والے نسل کو صحت مند معاشرے اور روشن مستقبل دیں کیونکہ بچے ہمارا اصل سرمایہ اور مستقبل ہے۔

