ایڑی میں درد ایک عام جسمانی شکایت ضرور ہے، لیکن ہر بار اسے معمولی تکلیف سمجھ کر نظر انداز کرنا مناسب نہیں۔ یہ درد ایڑی کے اندرونی یا پچھلے حصے کے علاوہ اس کے اطراف میں بھی محسوس ہوسکتا ہے اور اس کی شدت مختلف افراد میں مختلف ہوسکتی ہے۔
طبی معلومات کے مطابق ایڑی پر مسلسل یا غیر معمولی دباؤ، جسمانی سرگرمی میں اضافہ اور کسی قسم کی چوٹ اس تکلیف کی عام وجوہات میں شامل ہیں۔ انسانی پاؤں میں 26 ہڈیاں، 33 جوڑ اور 100 سے زائد پٹھے و دیگر عضلاتی ساختیں موجود ہوتی ہیں، جبکہ ایڑی پاؤں کی سب سے بڑی ہڈی پر مشتمل ہوتی ہے۔
’میڈیکل نیوز ٹوڈے‘ کے مطابق روزمرہ سرگرمیوں کے دوران ایڑی پر پڑنے والا مسلسل دباؤ یا چوٹ بعض اوقات معمولی نوعیت کے درد سے لے کر شدید تکلیف تک کا سبب بن سکتی ہے۔
ایڑی کے درد کی نمایاں وجوہات میں پلانٹر فیشیائٹس شامل ہے۔ اس کیفیت میں پاؤں اور ایڑی کو سہارا دینے والے ٹشوز پر زیادہ دباؤ پڑنے سے سوزش یا نقصان پیدا ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں درد محسوس ہوتا ہے۔ ورزش یا دیگر جسمانی سرگرمیوں کے دوران ایڑی کو لگنے والی چوٹ بھی تکلیف کا سبب بن سکتی ہے۔
ایک اور ممکنہ وجہ ایکیلس ٹینڈنائٹس ہے، جس میں پنڈلی کے پٹھوں کو ایڑی کی ہڈی سے ملانے والے ایکیلس ٹینڈن میں سوزش یا انجری پیدا ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ جوڑوں کی بعض بیماریاں، پاؤں یا ٹخنے کی موچ اور دیگر مسائل بھی ایڑی کے درد کا باعث بن سکتے ہیں۔
اگر درد اچانک بہت شدید ہوجائے، ایڑی یا اس کے اطراف میں سرخی اور سوجن نمودار ہو یا چلنے پھرنے میں دشواری ہونے لگے تو طبی معائنہ ضروری ہے۔ اسی طرح اگر گھریلو احتیاط کے باوجود درد دو سے تین ہفتوں میں بہتر نہ ہو تو ڈاکٹر سے مشورہ کرکے اصل وجہ معلوم کرنی چاہیے۔
معمولی درد کی صورت میں کچھ عرصے کے لیے زیادہ دیر کھڑے رہنے اور ایسی سرگرمیوں سے بچنا مفید ہوسکتا ہے جن سے تکلیف میں اضافہ ہوتا ہو۔ متاثرہ حصے پر روزانہ دو مرتبہ 10 سے 15 منٹ تک برف کی ٹکور بھی کی جاسکتی ہے۔ عام درد کش دوا ضرورت کے مطابق استعمال کی جاسکتی ہے، تاہم اسے باقاعدگی سے لینے سے پہلے ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔
ایسے جوتوں کا انتخاب بھی اہم ہے جو پاؤں کو مناسب سہارا دیں اور ایڑی پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالیں۔ آرام کے دوران پاؤں کو قدرے اونچا رکھنا بھی بعض افراد کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔
ایڑی کے مسائل سے بچنے کے لیے جسمانی وزن کو صحت مند حد میں رکھنا، متوازن غذا لینا اور پاؤں میں تھکن محسوس ہونے پر آرام کرنا ضروری ہے۔ ورزش یا جسمانی سرگرمی کے دوران شدت اچانک بڑھانے کے بجائے اسے بتدریج بڑھانے سے بھی انجری کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

