پنجگور (این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے پنجگور میں ڈینگی وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ بلوچستان، یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت (WHO) سے فوری طبی ٹیمیں روانہ کرنے اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں پنجگور میں ڈینگی کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کراچی، حب اور دیگر متاثرہ علاقوں سے آنے والے افراد کے ذریعے وائرس تیزی سے مقامی آبادی میں منتقل ہو رہا ہےجبکہ موسم کی تبدیلی نے اس وبا کو مزید پھیلنے کا موقع فراہم کیا ہےانہوں نے کہا کہ ضلع کے سرکاری اسپتالوں میں نہ تو ڈینگی ٹیسٹ کی سہولیات موجود ہیں نہ ہی ادویات اور ماہر عملہ دستیاب ہے اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ وبا قیمتی انسانی جانیں نگل سکتی ہے۔انہوں نے اقوامِ متحدہ کے ذیلی اداروں خصوصاً یونیسیف اور WHO سے اپیل کی کہ وہ پنجگور کی اس تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور اپنی طبی ٹیمیں، ٹیسٹنگ کٹس، اسپرے مہمات اور دیگر ضروری امداد فوری روانہ کریں تاکہ وائرس پر قابو پایا جا سکے۔میر رحمت بلوچ نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ پنجگور کو ڈینگی سے متاثرہ ضلع قرار دے کر وہاں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ضلع میں اسپرے، صفائی، آگاہی مہم اور طبی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گھروں اور محلوں میں صاف پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر دانیوں کا استعمال کریں، اور بخار یا دیگر علامات کی صورت میں فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں

