پنجاب حکومت طبی تعلیم اور تحقیق کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

لاہور (این این آئی) وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صحت کے شعبے میں تاریخ کی سب سے بڑی اور ترجیحی سرکاری سرمایہ کاری کر رہی ہیں، جس کا مقصد عوام کو معیاری، بروقت اور قابلِ رسائی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے،سرکاری ہسپتالوں کی تمام ضروریات پوری کی جا رہی ہیں، صحت پر سرمایہ کاری انسانوں پر سرمایہ کاری ہے جو مضبوط معیشت کی بنیاد ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں سالانہ بین الاقوامی سائنسی کانفرنس 2025 اور گرینڈ ایلومنائی ری یونین کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان ث خطاب کے دوران کیا۔وزیرِ خزانہ نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کو 45 ویں بین الاقوامی سائنسی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سائنسی کانفرنسز طبی تحقیق میں جدت، محاصلات کے تبادلے اور شواہد پر مبنی طبی عمل کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے نتائج عوامی صحت میں عملی بہتری کا سبب بنیں گے۔میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی برصغیر کا ایک تاریخی، معتبر اور عالمی شہرت یافتہ طبی ادارہ ہے، جس کے فارغ التحصیل ڈاکٹر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز اور میڈیکل ڈایاسپورا صحت کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ صحت کے شعبہ میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب حکومتِ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کی مفت دستیابی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ عوام کے لیے مالی وسائل کی کمی علاج میں رکاوٹ نہ بنے۔ انہوں نے بتایا کہ شوگر اور کینسر کے مریضوں کو گھر بیٹھے ادویات کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے، جو مریض مرکوز اور عوام دوست ہیلتھ پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں بچوں کے دل کے آپریشنز کی بحالی حکومتِ پنجاب کا ایک نہایت اہم اور انسان دوست اقدام ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو امید اور ریلیف مل رہا ہے۔ وزیرِ خزانہ کے مطابق ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس ضمن میں سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت طبی تعلیم اور تحقیق کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے کیونکہ پائیدار صحت کا نظام موثر طبی تعلیم اور تحقیق کے بغیر ممکن نہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں کلینک آن ویلز جیسے منصوبوں کے ذریعے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب کے بجٹ میں صحت، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، طبی تعلیم اور تحقیق کے لیے خاطر خواہ وسائل مختص کیے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت ایک مضبوط، جدید اور قابلِ رسائی صحت کے نظام کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے اور میڈیکل کمیونٹی کے ساتھ مل کر عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔تقریب میں سابق وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم،بین الاقوامی طبی محققیق، کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی کی انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کی بڑی تعداد شریک تھی۔ آخر میں صوبائی وزیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز اور طلبہ میں ایواڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں