حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی،نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں پروگرام پر عملدرآمد، رفتار اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں مشیر برائے محکمہ محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری لیبر اینڈ مین پاور نیاز محمد نیچاری، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون، منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا حمود الرحمٰن سمیت متعلقہ محکموں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس کو بتایا گیا کہ چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کی ذمہ دار بعض فرمز کی جانب سے سست روی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ فرمز کے خلاف کارروائی اور اب تک ادا کی گئی رقوم کی مکمل جانچ پڑتال کی ہدایت کی وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ نوجوانوں کے مستقبل سے جڑے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اجلاس میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ جی ٹو جی (گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ) ماڈل کے تحت بی ٹیوٹا نے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے باضابطہ طور پر رجوع کر لیا ہے جس کے بعد بی ٹیوٹا براہ راست متعلقہ ممالک کی ایمبیسیز سے رابطہ کر کے صوبے کے نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے مواقع نوجوانوں کو نہ صرف اپنے اور اپنے خاندان کے معاشی حالات بہتر بنانے میں مدد دیں گے بلکہ ملک میں قیمتی زرِ مبادلہ لانے کا ذریعہ بھی بنیں گے وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے تربیتی ماڈیولز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، عملدرآمد کے عمل کو تیز کرنے اور نتائج کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کو محض ایک منصوبے کے بجائے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی بنیاد بنایا جائے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں اور پروگرام کے اہداف کے بروقت حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں