وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوسٹل ہائی وے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر اوماڑہ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک مسافر بس حادثے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ رابطے کے دوران حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی حالت، جاری علاج معالجے اور فوری طبی امداد سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے مسافروں کو فوری طور پر کراچی کے معیاری نجی اسپتالوں میں ایئر لفٹ کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق یہ عمل فوری بنیادوں پر جاری ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر گوادر اور متعلقہ انتظامی حکام کو ہدایت کی کہ زخمی مسافروں کی فوری شفٹنگ، طبی دیکھ بھال اور تمام انتظامی امور میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ خان کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس سروس فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی، تاکہ لواحقین کو اس مشکل گھڑی میں سہولت فراہم کی جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکران کوسٹل ہائی وے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا ہے، تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں