جنید ریاض:سکولوں میں حاضری، وقت کی پابندی اور مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے،تمام سرکاری سکولوں میں صبح 8 بج کر 45 منٹ پر سٹاف کی گروپ تصویر لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اتھارٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ حاضری رجسٹر کے ساتھ کنوٹا (Canva) کیمرہ ایپ کے ذریعے تصویر لی جائے۔ تمام سکولوں کی تصاویر کو ایک پی ڈی ایف فائل کی شکل میں مرتب کر کے صبح 9 بج کر 30 منٹ تک واٹس ایپ کے ذریعے ارسال کرنا ہوگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ہیڈ ٹیچرز اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کی روزانہ رپورٹ متعلقہ حکام کو بھجوانے کے پابند ہوں گے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

