بلوچستان کے تربت شہر میں ایک مقامی سیاسی کارکن ثنا سبزل کا قتل ایک نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ

اداریہ

یہ سانحہ محض ایک فرد کی جان لینے تک محدود نہیں بلک اسے بلوچستان میں جاری جمہوری اور سیاسی عمل کے لیے ایک سنگین خطرے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
بلوچستان میں طویل عرصے سے سیاسی کارکن عوامی حقوق، سماجی انصاف اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ ایسے کارکن عوام اور سیاست کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے جب کسی سیاسی کارکن کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کے اثرات صرف ایک خاندان یا ایک فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے سیاسی اور سماجی ماحول پر مرتب ہوتے ہیں۔ اس طرح کے واقعات جمہوری روایت اور سیاسی برداشت کے کلچر کو کمزور کرتے ہیں۔
بدقسمتی سے بلوچستان میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال کے بارے میں عوامی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے اور یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا صوبے میں شہریوں اور سیاسی کارکنوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں یا نہیں۔ اگر حالات اسی طرح برقرار رہے تو اس کے اثرات نہ صرف سیاسی سرگرمیوں بلکہ مجموعی سماجی استحکام پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ثنا سبزل کے قتل کی فوری، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ اس واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات بھی ناگزیر ہیں، تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں کے لیے ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں