پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر 11ویں ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پشاور زلمی کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس کے ابتدائی بلے باز جلد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر محمد حارث چھ اور کپتان بابر اعظم صفر پر پویلین لوٹے۔ ان کے بعد کوشل مینڈس بھی صرف نو رنز بنا پائے۔
ان کے بعد آنے والے ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے بیٹنگ جو سہارا دیا اور اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔ ایرون ہارڈی نے 56 اور عبدالصمد نے 48 رنز بنائے۔
زلمی نے 16ویں اوور میں ہدف پورا کرتے ہوئے فائنل پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔
حیدرآباد کی جانب سے محمد علی تین وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگز مین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حیدرآباد کے بلے بازوں نے اننگز کا اچھا آغاز کیا لیکن پاور پلے اور اس کے بعد مسلسل گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے وہ بورڈ پر بڑا سکور لگانے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 18ویں اوور میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کنگزمین کی جانب سے صائم ایوب نے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے جب کہ ان کے علاؤہ دوسرا کوئی بھی بلے باز 20 سے زیادہ زنز بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔
پشاور زلمی نے میچ میں اچھی بولنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور کئی اچھے کیچ پکڑے اور بلے بازوں کو رن آؤٹ کیا۔
زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے چار، ناہید رانا نے دو اور سفیان مقیم اور محمد باسط نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
فائنل کے لیے پہلے ہی تمام ٹکٹس بک گئیں تھیں اور پورا سٹیڈیم تماشائیوں سے بھر ہوا تھا جہاں میچ سے پہلے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گلوکاروں اور دیگر آرٹس نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگز مین نے جمعے کو اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
اس سے قبل پہلے ایلیمنیٹر میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو آٹھ وکٹوں سے شسکت دی تھی جب کہ کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی کے ہاتھوں ناکامی کاسامنا کرنا پڑا تھا اور زلمی نے فائنل کا براہ راست رسائی حاصل کر لی تھی۔

