تربت(این این ائی) ضلع کیچ میں ڈینگی کے 132 مثبت کیسز رپورٹ، ڈینگی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات،فوگنگ مہم کا آغاز۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ میں ڈینگی وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کیچ نے ہنگامی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے اتوار کے روز ڈینگی اسپرے مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ یہ اقدام ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنا اور عوام کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھنا ہے۔ فوگنگ مہم کی نگرانی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ اور ملیریا فوکل پرسن ڈاکٹر ابوبکر بلوچ کر رہے ہیں جبکہ مہم کا آغاز ٹیچنگ اسپتال تربت اور اس کے احاطے میں واقع ڈاکٹر کالونی سے کیا گیا جہاں مکمل فوگنگ کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ضلع کیچ میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر فوری اور مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی کی خصوصی ہدایات ہیں کہ پہلے مرحلے میں اْن علاقوں میں فوگنگ کی جائے جہاں ڈینگی کے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ آئندہ مرحلے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے وسائل کی فراہمی کے ساتھ اس مہم کا دائرہ کار دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے نہ صرف فوگنگ جاری ہے بلکہ عوام میں آگاہی مہم بھی تیز کی جارہی ہے تاکہ شہری خود بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھروں اور اطراف میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں پانی کے برتنوں اور ٹینکوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔ پرانے ٹائر اور کچرے میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔ مکمل بازو والے کپڑے پہنیں، مچھر سے بچاؤ کے اسپرے اور کریمیں استعمال کریں اور بخار یا دیگر علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال کے ڈاکٹروں سے رجوع کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جاسکے۔

