چین اور پاکستان کے درمیان پروفیشنل انجینئرز کی باہمی منظوری کا معاہدہ طے پا گیا

چینگدو(این این آئی)چائنہ سوسائٹی آف انجینئرز (سی ایس ای)اور پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے درمیان پروفیشنل انجینئرز کیلئے باہمی منظوری کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ یہ دستخط ”بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے انجینئرنگ کیپیسیٹی بلڈنگ“کے دوران ہوئے، جو سائنس و ٹیکنالوجی کے تبادلے پر دوسری بیلٹ اینڈ روڈ کانفرنس کا ایک اہم ایونٹ تھا۔گوادر پرو کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان انجینئرنگ کی اسناد کی باہمی منظوری کے لیے ایک فریم ورک فراہم کر یگا، جو بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہے اور ہر ملک کے ریگولیٹری ڈھانچے کا احترام کریگا۔ دونوں فریقوں نے صلاحیتوں کے جانچ کے نظام، جائزہ لینے کے طریقہ کار، اور کوالٹی ایشورنس سسٹمز کی برابری پر اتفاق کیا ہے جس سے چین اور پاکستان کے پیشہ ور انجینئرز کو منظوری کے عمل میں آسانی میسر آئے گی۔گوادر پرو کے مطابق یہ معاہدہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی)کے تحت دیگر مشترکہ منصوبوں کے لیے ماہر اور منظور شدہ افرادی قوت فراہم کرے گا، اور انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے شعبے میں چین اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔گوادر پرو کے مطابق فورم کے دوران، شرکا نے ”بیلٹ اینڈ روڈ انجینئرنگ کیپیسیٹی بلڈنگ پر اتفاق رائے“کو اپنایا، جس میں مہارتوں کی ترقی، معیاری کاری اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اس تقریب میں چھ بین الاقوامی تنظیموں اور 26 قومی انجینئرنگ اداروں کے 160 سے زائد نمائندے شریک ہوئے، جن میں تعلیمی اور صنعتی ماہرین بھی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں