ایکسائز ٹیکسیشن و انسداد منشیات بلوچستان کی گڈانی میں کارروائی،3317بوتلیں غیرملکی شراب برآمد

کوئٹہ(این این آئی) ڈی جی ایکسائز محمد زمان نے کہا ہے کہ ایکسائز ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات بلوچستان ساؤتھ زون نے گڈانی میں کارروائی کے دوران غیر ملکی شراب کی 3317بوتلیں اندرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ محمد زمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایات، صوبائی حکومت کی انسدادِ منشیات پالیسی اورانکی موثر نگرانی اور پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کے تحت محکمہ ایکسائز اینٹی نارکوٹکس فورس نے پاک بحریہ کے تعاون سے ضلع حب کے ساحلی علاقے گڈانی میں ایک کامیاب مشترکہ انٹیلی جنس بنیاد کارروائی کرتے ہوئے شراب اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔انہوں نے بتایا کہ 10 جون 2026 کو ہونے والی اس کارروائی کے دوران 3,717 غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کر لی گئیں جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے ضبط شدہ سامان کے حوالے سے قانونی و تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل محمد زمان نے کہا کہ یہ کامیابی محکمہ ایکسائز ساؤتھ زون کی حالیہ مسلسل، مؤثر اور نتیجہ خیز کارروائیوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دنوں بھی محکمہ ایکسائز نے پاک بحریہ کے تعاون سے 425 کلوگرام آئس، 20 کلوگرام چرس اور 5,076 بوتلیں غیر ملکی شراب و بیئر برآمد کر کے تقریباً 31 ارب روپے مالیت کی منشیات اور ممنوعہ اشیاء ضبط کی تھیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی محکمہ ایکسائز نے تین ماہ کے دوران 25 ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کیں اور 10 ہزار سے زائد شراب و بیئر کی بوتلیں قبضے میں لے کر بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورکس کو شدید مالی نقصان پہنچایا۔ڈی جی ایکسائز نے مزید کہا کہ محکمہ ایکسائز بلوچستان نہ صرف منشیات اور شراب اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ پوست (Poppy) کی کاشت کے خاتمے، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ٹیکس نیٹ کے فروغ اور حکومتی محصولات میں اضافے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان اور سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات بلوچستان، ظفر علی بخاری کی انتھک کاوشوں، خصوصی ہدایات اور مؤثر حکمتِ عملی کی روشنی میں بلوچستان کو منشیات سے پاک بنانے، قومی سرحدوں کے تحفظ، نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر بلاامتیاز، بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں