سردار عطا اللہ مینگل کی جدوجہد اور قربانیاں بلوچستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں، انجنیئر حمید بلوچ

تربت(رپورٹر)بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور ممتاز بلوچ قوم پرست رہنما سردار عطا اللہ مینگل کی پانچویں برسی کی مناسبت سے انجنیئر حمید بلوچ نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار عطا اللہ مینگل نے اپنی پوری سیاسی زندگی بلوچ قوم کے حقوق، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور مظلوم طبقات کے لیے جدوجہد میں گزاری۔
انجنیئر حمید بلوچ نے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل ایک بااصول، باوقار اور ثابت قدم سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنے نظریات اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کی طویل سیاسی جدوجہد، قید و بند کی صعوبتیں اور بے شمار قربانیاں بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل نے بلوچستان کے قومی و سیاسی مسائل کو جمہوری اور سیاسی انداز میں اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ ان کی سیاست کا محور عوام کے بنیادی حقوق، وسائل پر اختیار اور سیاسی انصاف کا حصول تھا۔
انجنیئر حمید بلوچ نے مزید کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل کی وفات سے بلوچستان ایک مدبر، دوراندیش اور اصول پسند رہنما سے محروم ہوا، تاہم ان کی جدوجہد، سیاسی فکر اور قربانیوں کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔ نئی نسل کے لیے سردار عطا اللہ مینگل کی زندگی اور جدوجہد ایک روشن مثال اور مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے سردار عطا اللہ مینگل کی پانچویں برسی کے موقع پر ان کی سیاسی و قومی خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے افکار اور جدوجہد کو زندہ رکھنا ہی ان کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں