اوستہ محمد،سرکاری تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کی بہتری، طلباء کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت بلوچستان کی جانب سے ترقیاتی اقدامات جاری

اوستہ محمد(این این آئی)ضلع اوستہ محمد میں سرکاری تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور طلبہ کو جدید و معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے ترقیاتی اقدامات جاری ہیں۔ حکومت بلوچستان، PPMU اور SED کے تعاون سے تعمیرِ خلق فاؤنڈیشن کے کوارڈینیٹر غلام محمد بلوچ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر اوستہ محمد شبیر احمد لانگو کی زیرِ نگرانی PTSMC کے ذریعے ضلع کے مختلف سرکاری اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول امیر بخش لاشاری، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول احمد خان عمرانی، گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول روستم خان جمالی، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول امداد حسین جمالی، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول شاہ محمد بروہی اور گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول دودا خان سیال سمیت ضلع کے متعدد سرکاری تعلیمی اداروں میں نئے کمروں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ نئے کلاس رومز کی تعمیر سے اسکولوں میں کمروں کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے، طلبہ کے لیے کشادہ اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی اور تدریسی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے اساتذہ کا کہنا ہے کہ مناسب کلاس رومز کی دستیابی سے نہ صرف طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی بلکہ تدریسی عمل بھی زیادہ مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے گا۔ مقامی مکینوں اور والدین کے مطابق ماضی میں متعدد سرکاری اسکولوں میں کمروں کی کمی کے باعث طلبہ کو مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ بعض مقامات پر گنجائش سے زیادہ طلبہ ہونے کی وجہ سے تدریسی عمل بھی متاثر ہوتا تھا۔ نئے کمروں کی تعمیر کو انہوں نے اس مسئلے کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ والدین اور سماجی حلقوں نے حکومت بلوچستان کی جانب سے تعلیمی انفراسٹرکچر پر توجہ دینے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم معاشرے کی ترقی اور نئی نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بالخصوص دیہی علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عمارتوں کی بہتری سے بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ والدین، اساتذہ، سماجی شخصیات اور مقامی معززین نے حکومت بلوچستان، PPMU، SED، تعمیرِ خلق فاؤنڈیشن اور منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار اور مدت کے مطابق مکمل کیا جائے، تاکہ طلبہ جلد نئی کلاس رومز کی سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ضلع اوستہ محمد کے دیگر سرکاری اسکولوں میں بھی تعلیمی ترقی کے ایسے منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جائے اور اسکولوں میں کلاس رومز کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی، واش رومز، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے، تاکہ بچوں کو محفوظ، سازگار اور معیاری تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں