کوئٹہ(این این آئی) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) بلوچستان کے نومنتخب صدر ڈاکٹر نعیم زرکون اوردیگر عہدیداروں نے صوبائی انتخابات 2026 کے کامیاب اور خوش اسلوبی سے انعقاد پر الیکشن کمیشن، پروگریسو ڈاکٹرز الائنس، صدارتی امیدوار پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ وردگ، ان کے پینل کے تمام اراکین اور بلوچستان بھر کے تمام ڈاکٹرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔نو منتخب صدر ڈاکٹر نعیم زرکون اور کابینہ نے الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پروگریسو ڈاکٹرز الائنس اور بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ وردگ اور ان کے پینل کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ ایک مثبت، قابلِ احترام اور تنظیمی مفاد میں قابلِ تحسین اقدام تھا، جس سے انتخابی عمل خوش اسلوبی اور اتفاقِ رائے سے مکمل ہوا۔انہوں نے واضح کیا کہ پی ایم اے بلوچستان کسی ایک پینل یا گروپ کی نہیں بلکہ پورے صوبے کی طبی برادری کی مشترکہ نمائندہ تنظیم ہے انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، اب تمام ڈاکٹرز کو اتحاد، باہمی احترام اور مشاورت کے ساتھ ڈاکٹرز کے حقوق، وقار اور صحتِ عامہ کی بہتری کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔انہوں نے پروگریسو ڈاکٹرز الائنس کے تمام ساتھیوں کو یقین دلایا کہ انہیں ساتھ لے کر چلنے اور ان کی مثبت تجاویز و آراء کو اہمیت دینے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایم اے بلوچستان کو مزید فعال اور صوبہ گیر بنانے کے لیے مزید مخلص، متحرک اور باصلاحیت ڈاکٹرز کو صوبائی کابینہ میں، بشمول نائب صدور، جوائنٹ سیکرٹریز اور دیگر مناسب ذمہ داریوں پر شامل کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گایہ تمام شمولیتیں متعلقہ مجاز فورمز، بشمول صوبائی کونسل اور جنرل باڈی، کی منظوری سے مشروط ہوں گی اور پی ایم اے کے آئین، قواعد و ضوابط اور مروجہ قانونی طریقہ کار کے مطابق عمل میں لائی جائیں گی خصوصاً دور دراز اضلاع اور مختلف طبی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کو مؤثر نمائندگی دینے پر توجہ دی جائے گی تاکہ پی ایم اے بلوچستان حقیقی معنوں میں پورے صوبے کی نمائندہ تنظیم بن سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابات کا اختتام تقسیم کا نہیں بلکہ اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کے نئے سفر کا آغاز ہے۔ تمام ڈاکٹرز کو ساتھ لے کر پی ایم اے بلوچستان کو مضبوط، متحد، باوقار اور مؤثر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

