کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس کمیٹی روم، بلوچستان صوبائی اسمبلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی ممبران کی اتفاق کے بعد خیر جان بلوچ نے کی۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین اصغر علی ترین اور علی مدد جتک نے شرکت کی، جبکہ اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری بلوچستان صوبائی اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ حمزہ شفقات اور ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ قانون سعید اقبال سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس میں “دی کوڈ آف کریمنل پروسیجر، 1898 (V آف 1898) بلوچستان ترمیمی بل، 2026” پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضابطہ فوجداری 1898ء کی دفعہ 144 میں ترمیم کا مقصد شہریوں کی جان و مال اور آزادی کا تحفظ، عوامی امن و امان کو درپیش ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واضح قانونی طریقہ کار وضع کرنا اور امن و امان میں ممکنہ خلل کو بروقت اور مؤثر حفاظتی اقدامات کے ذریعے روکنا ہے۔مجوزہ ترمیم کے تحت ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری (داخلہ)، حکومت بلوچستان کو متعین اختیارات اور احکامات کے لیے مخصوص مدت کے ساتھ واضح قانونی اختیار فراہم کیا جائے گا، تاکہ ان اختیارات کے استعمال میں شفافیت، جوابدہی اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ مجوزہ ترمیم کے ذریعے پرانے انتظامی اصطلاحات کو موجودہ انتظامی عہدوں اور حکام سے تبدیل کیا جائے گا، جبکہ صوبے کے حفاظتی و انتظامی قانونی نظام کو دیگر صوبوں میں رائج مؤثر طریقہ کار سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔کمیٹی نے بل کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اس امر پر زور دیا کہ قانون میں ایسی ترامیم ضروری ہیں جو موجودہ حالات کے تقاضوں کے مطابق عوامی تحفظ، امن و امان اور مؤثر انتظامی حکمرانی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

