انجینئرمرزا اعزازبیگ کو کیسکو کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج دیدیا گیا

کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد انجینئر مرزا اعزاز بیگ کو کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کااضافی چارج تفویض کر دیا گیا ہے۔ جنہوں نے منگل کے روزباقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیاہے اوراس کے ساتھ کیسکو کی قیادت میں ایک نیا باب شروع ہو گیا ہے۔انجینئر مرزا اعزاز بیگ نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی بعد ازاں انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) میں بطور جونیئر انجینئر سے کیا اور پھرکیسکواور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) میں بھی خدمات سرانجام دیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کااضافی عہدہ سنبھالنے سے قبل انجینئر مرزا اعزاز بیگ کیسکو میں چیف انجینئر کسٹمر سروسز کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔توانائی کے شعبے میں 26 سال سے زائد کا وسیع تجربہ رکھنے والے انجینئر مرزا اعزاز بیگ تکنیکی، آپریشنل اور انتظامی امور پر گہری مہارت رکھتے ہیں جن کا شمار اُن چند سینئر افسران میں ہوتا ہے جنہوں نے کیسکواور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) دونوں اداروں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکا اضافی عہدہ سنبھالنے پر انجینئر مرزا اعزاز بیگ نے کہا کہ کمپنی کا عہدہ سنبھالنا میرے لئے نہ صرف ایک بڑی ذمہ داری ہے بلکہ ایک اعزاز بھی ہے۔کیسکو کے تمام افسران و ملازمین ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کریں اور اس ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انھوں نے مزید کہا کہ کیسکو کو ایک خوشحال، صارف دوست اور جدید ادارہ کے طور پر آگے بڑھانے کے لیئے ضروری ہے کہ تمام افسران و ملازمین ایک مضبوط ٹیم کی حیثیت سے باہمی تعاون، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور خلوصِ نیت کے ساتھ اپنا انفرادی کردار ادا کریں اورقومی ذمہ داری اور ادارے کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لائیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر شوکت علی جوگیزئی اپنی مقررہ مدت ملازمت مکمل ہونے پر 7 ستمبر 2026ء (بروزپیر) کو ریٹائر ہو گئے تھے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد انجینئر مرزا اعزاز بیگ کوچیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوکا اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں