بلوچستان میں امن وامان کے قیام کیلئے پاک فوج اور سکیورٹی ادارے کام کررہے ہیں، نئے صوبوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، سید جہانگیر شاہ

کوئٹہ (این این آئی)مسلم لیگ(ن)کے صوبائی رہنما سید جہانگیر شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور سکیورٹی ادارے بھرپور کام کررہے ہیں اور صوبے کے اکثر اضلاع میں امن بحال ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی بحالی اور گزشتہ اڑھائی سال کے دوران ریکارڈ ترقیاتی کاموں کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، کورکمانڈر بلوچستان اور سکیورٹی اداروں کے افسران کے سر جاتا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق یقینی بنانے کیلئے کورکمانڈر بلوچستان نے خصوصی دلچسپی لی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر محسن نقوی کے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بیان کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبے بن کر رہیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے قیام کو متنازع بناکر حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے، اسے بلیک میلنگ کی سیاست چھوڑ کر ملک کے مفاد میں ہونے والے فیصلوں کی حمایت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کررہے ہیں، وزرا نے اپنے محکموں میں میرٹ پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ اپنے حلقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل اور جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ کی قیادت میں فعال اور منظم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں