سبی(اللہ داد رند) قرآن و سنت کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن اور کراچی سٹی کے نگران حاجی محمد فضیل رضا عطاری مدظلہ العالی کی سبی آمد کے موقع پر کڑک روڈ پر واقع فیضانِ عطار پروجیکٹ میں گرینڈ مدرسۃ المدینہ اور گرینڈ جامعۃ المدینہ کے عظیم دینی و تعلیمی منصوبے کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ اس موقع پر روح پرور اور ایمان افروز ماحول دیکھنے میں آیا، جہاں دینی تعلیم کے فروغ کے لیے اس اہم منصوبے کے آغاز پر شرکاء نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔سنگِ بنیاد کی تقریب میں نگرانِ بلوچستان مشاورت قاری محمد لیاقت علی عطاری، سبی کی معزز شخصیات، تاجر برادری، صحافیوں، دعوتِ اسلامی کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی ذمہ داران سمیت دیگر افراد نے شرکت کی مہمانِ خصوصی حاجی محمد فضیل رضا عطاری مدظلہ العالی سمیت دیگر ذمہ داران اور معزز شخصیات نے مل کر گرینڈ مدرسۃ المدینہ اور گرینڈ جامعۃ المدینہ کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ دینی و عصری تعلیم کے ساتھ قرآن و سنت کی تعلیمات سے نئی نسل کو روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے مدارس اور جامعات معاشرے میں دینی شعور، اخلاقی تربیت اور اسلامی اقدار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ گرینڈ مدرسۃ المدینہ اور گرینڈ جامعۃ المدینہ کا قیام سبی اور گردونواح کے عوام کے لیے ایک اہم دینی و تعلیمی پیش رفت ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ دعوتِ اسلامی دنیا بھر میں قرآن و سنت کی تعلیمات عام کرنے، مسلمانوں کی دینی و اخلاقی تربیت اور نئی نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ سبی میں اس منصوبے کا آغاز بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس سے ان شاء اللہ علاقے کے بچوں، نوجوانوں اور دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی شرکاء نے امید ظاہر کی کہ فیضانِ عطار پروجیکٹ کے تحت قائم ہونے والے گرینڈ مدرسۃ المدینہ اور گرینڈ جامعۃ المدینہ مستقبل میں سبی سمیت گردونواح کے علاقوں میں قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ، دینی علوم کی اشاعت اور طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم، علاقے کی ترقی و خوشحالی اور اس عظیم دینی و تعلیمی منصوبے کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی

