کوئٹہ (این این آئی)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے گورنر ہاس کوئٹہ میں سید کاشف حسین کی قیادت میں آرمی پبلک اسکول سیون اسٹریمز کے طلبا نے ملاقات کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا عبداللہ، عبدالرحمن اور عبدالرحیم نے ایک تاریخی اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ طلبا نے 1947 سے 2026 تک پاکستانی عسکری فورسز سے متعلق جاری ہونے والے تمام ڈاک ٹکٹ اور پوسٹل اسٹیمپس ایک جگہ جمع کرلئے ہیں، جو اس سے قبل کبھی اس طرح اکٹھے نہیں کیے گئے۔ متروک سمجھے جانے والے ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کے مشغلے کو ان طلبا نے ازسرنو زندہ کیا ہے، جو بلوچستان اور آرمی پبلک اسکول سیون اسٹریمز کے لیے قابل تحسین اقدام ہے۔ طلبا نے اپنی کامیابی کو والدین، اسکول کے پرنسپلز اور اساتذہ کی رہنمائی و حوصلہ افزائی کا نتیجہ قرار دیا۔ اس موقع پر تعلیمی اداروں میں طلبا کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی۔

