جمعیت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی، مولانا محب اللہ

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی کمیٹی برائے بجلی، گیس و واسا کا تعارفی اجلاس کمیٹی کے چیئرمین مولانا محب اللہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلعی ترجمان حافظ عبدالغنی شہزاد، کوآرڈینیٹر ڈیجیٹل میڈیا عبدالباری شہزاد، حاجی عطاء محمد شمشوزئی اور مفتی رشید احمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ شہر میں بجلی، گیس اور پانی کے سنگین اور توجہ طلب مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مولانا محب اللہ نے کہا کہ اگرچہ جمعیت علماء اسلام اس وقت حکومت میں نہیں، تاہم عوام اور جماعتی کارکنوں کی نظریں جمعیت علماء اسلام پر ہیں، اس لیے عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور واسا سمیت متعلقہ محکموں کے حکام سے رابطوں اور ملاقاتوں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جبکہ ان محکموں میں موجود جماعتی ساتھیوں کی فہرستیں مرتب کرکے ان کی خدمات اور تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے حتی المقدور مؤثر آواز بلند کرتے ہوئے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں