کوئٹہ(این این آئی)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان امن، ترقی، ہنر، آئی ٹی تعلیم اور روزگار چاہتے ہیں، حکمران صوبے کے زخموں پر مرہم رکھ کر محبت کی زبان میں امن دیں۔ انہوں نے کہا کہ تشدد، مایوسی اور اسلحے کے بجائے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی کی طرف لانا ہوگا۔پریس کلب کوئٹہ میں الخدمت فانڈیشن کے بنوقابل تعارفی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنوقابل پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کر ہنرمند بنایا جارہا ہے، جبکہ صوبے بھر میں جدید آئی ٹی لیبز بھی قائم کی جارہی ہیں۔ غریب اور یتیم بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے الخدمت کے ذریعے وظائف فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں اسلحے اور منشیات کے بجائے قلم، کتاب اور ہنر ہونا چاہیے، کیونکہ باصلاحیت نوجوان مضبوط بلوچستان اور مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔

